اسلام آباد 27 ستمبر 2021 (ٹی این ایس): پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے افغانستان کی معشیت کو دیوالیہ ہونے سے بچانے کے لیے امریکا سے بڑا مطالبہ کردیا۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ’پاکستان ہاؤس لندن‘ میں برطانوی پاکستانی کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے خبردار کیا کہ افغانستان کی معیشت دیوالیہ ہونے کے قریب ہے۔
دوران خطاب وزیر خارجہ نے امریکا سے مطالبہ کیا کہ امریکا افغانستان کو 9 ارب ڈالر جاری کرے۔
شاہ محمود قریشی کا کہناتھا کہ پاکستان امدادی سرگرمیوں کا مرکز بننے کے لیے تیار ہے افغان عوام کی امداد کے لیے تعاون کررہے ہیں، برطانیہ افغانستان سے رابطہ کرے وہاں انسانی المیہ جنم لینے کو ہے۔
انھوں نے کہا کہ پاکستان اکیلا افغان مسئلے کو حل نہیں کرسکتا اور یہ نہ صرف پاکستان کی ذمہ داری ہے۔
شاہ محمود قریشی کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان میں دہشت گردوں کا کوئی ٹھکانہ نہیں، مغربی میڈیا چاہے تو آکر دیکھ لے، مغرب ہمیں افغانستان بحران کی آڑ میں قربانی کا بکرا بنانا چاہتا ہے۔