بیروت میں مظاہرین پر فائرنگ، 6 افراد جاں بحق

 
0
2186

بیروت 14 اکتوبر 2021 (ٹی این ایس): لبنانی دارالحکومت بیروت میں قصرالعدل کے سامنے مظاہرین کی ریلی کے قریب فائرنگ کے نتیجے میں اب تک 6 افراد جاں بحق جب کہ 30 سے زائد زخمی ہوچکے ہیں۔

لبنان ریڈکراس کے مطابق اس ریلی کا انعقاد حزب اللہ اور امل تحریک کی جانب سے کیا گیا تھا، ریلی کے شرکا قصر العدل کے سامنے جمع ہوکر گزشتہ سال بیروت کی بندرگاہ پر ہونے والے دھماکے کی تحقیق کرنے والی ٹیم کے سربراہ جج تاریک بطر پر سیاسی جانب داری کا الزام عائد کرتے ہوئے ان کی برطرفی کا مطالبہ کر رہے تھے۔ تاہم اس مقام سے کچھ فاصلے پر ہونے والی فائرنگ کی آوازوں سے مشتعل مظاہرین منتشر ہوگئے, جس کے بعد علاقے میں حکومت کے حامیوں اور مظاہرین کے درمیان تصادم شروع ہوگیا جو گزشتہ کئی گھنٹوں سے جاری ہے۔

الجزیرہ کے مطابق ابھی تک فائرنگ کرنے والے افراد کی شناخت اور ان کی سیاسی وابستگی واضح نہیں ہے۔ تاہم فوج نے قصر العدل اور اطراف کے علاقوں کو گھیرے میں لے کر فائرنگ میں ملوث افراد کی تلاش شروع کردی ہے۔ جب کہ لبنانی وزیر اعظم نجیب میکاتی نے امن بحال کرنے اور پر تشدد کارروائیوں میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کا حکم دے دیا ہے۔

لبنانی فوج کے سربراہ سمیرگیگیا نے اس واقعے کی مذمت کی ہے، لیکن حزب اللہ اور امل کی جانب سے عائد کیے گئے الزامات کا جواب نہیں دیا۔ اپنے بیان میں ان کا کہنا ہے کہ بڑے پیمانے پر ہتھیاروں کے استعمال سے شہریوں کی جان کو خطرات لاحق ہوگئے ہیں۔