سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کیلئے صوبوں میں کاروبار کرنے میں مزید آسانی پیدا کرنے کی ضرورت ہے ، صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی

 
0
128

اسلام آباد 04 نومبر 2021 (ٹی این ایس): صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ حکومت کے کامیاب جوان پروگرام اور انصاف روزگار سکیم جیسی قرضہ سکیموں سے عوام بالخصوص خواتین اور نوجوانوں کومستفید کرانے کے لئے ان کی رہنمائی کی ضرورت ہے، صوبائی حکومتیں چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ساتھ مل کر نوجوانوں میں حکومت کی قرضہ سکیموں کے بارے میں شعور اجاگر کریں تاکہ نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے ساتھ ساتھ انہیں اپنا کاروبار قائم کرنے کے قابل بنایا جاسکے۔

ایوان صدر کے پریس ونگ کے مطابق صدر مملکت نے ان خیالات کا اظہارجمعرات کو وزیراعلیٰ ہاؤس پشاور میں خیبر پختونخوا حکومت کی کارکردگی کے بارے میں بریفنگ کے دوران کیا۔ اجلاس میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان، صوبائی وزراء اور خیبر پختونخوا حکومت کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

صدر مملکت نے کہا کہ سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کیلئے صوبوں میں کاروبار کرنے میں مزید آسانی پیدا کرنے کی ضرورت ہے، معدنیات اور کان کنی کے شعبے کی ترقی سے صوبے کے لوگوں کی ترقی اور مقامی آبادی کو روزگار کی فراہمی ممکن ہوسکے گی۔

انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے نئے ضم شدہ اضلاع میں تنازعات کے متبادل حل کے نظام سے لوگوں کو فوری اور سستا انصاف فراہم کیا جاسکے گا، تنازعات کے متبادل حل کے نظام سے سابقہ فاٹا اضلاع میں عدلیہ پر بوجھ کم کرنے میں مدد ملے گی۔ صدر مملکت کو بریفنگ میں آگاہ کیا گیا کہ خیبر پختونخوا حکومت سابقہ فاٹا کے نئے ضم شدہ اضلاع کی ترقی اور بہتری پر خصوصی توجہ دے رہی ہے، سابقہ فاٹا اضلاع کا خیبر پختونخواہ میں انتظامی انضمام مکمل ہو چکا ہے، ضم شدہ اضلاع کے لئے 491 ارب روپے مالیت کے 901 منصوبے منظور کئے گئے ہیں۔

صدرڈاکٹر عارف علوی کوضم اضلاع میں تعلیم، صحت، سڑکوں، توانائی اور انتظامی انفراسٹرکچر بہتر بنانے کے منصوبوں پر پیش رفت کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی اور انہیں آگاہ کیا گیا کہ صوبے میں جاری تمام ترقیاتی منصوبے مقررہ وقت کے مطابق مکمل ہو جائیں گے۔

صدر مملکت نے خیبر پختونخوا حکومت کی تین سالہ کارکردگی کو سراہا اور ضم اضلاع کے عوام کے مسائل کے حل کیلئے مشاورتی سیشن کے باقاعدہ انعقاد پر صوبائی حکومت کی تعریف کی، انہوں نے معیاری صحت سہولیات کی فراہمی کیلئے صحت انصاف کارڈ کی سہولت ضم شدہ اضلاع تک بڑھانے پر اظہار اطمینان کا اظہار کیا۔