کورونا کی وجہ سے دنیا بھر میں ترقی کاعمل کو متاثر اور مہنگائی میں اضافہ ہواہے ،وفاقی وزیر صنعت و پیداوار مخدوم خسرو بختیار

 
0
128

اسلام آباد 04 نومبر 2021 (ٹی این ایس): ڈپٹی کمشنر آفس کمیٹی روم میں ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کا اجلاس۔ اجلاس کی صدارت وفاقی وزیر صنعت وپیداوار مخدوم خسرو بختیار نے بذریعہ ویڈیو لنک کی جبکہ اجلاس میں صوبائی وزیر خزانہ پنجاب مخدوم ہاشم جواں بخت نے بھی بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی۔اجلاس میں ضلع کے مختلف شعبوں میں جاری ترقیاتی منصوبوں، کورونا ویکسی نیشن، کوویڈ ایس او پیز، پرائس کنٹرول، امن وامان سمیت مختلف امور پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔

وفاقی وزیر صنعت و پیداوار مخدوم خسرو بختیار نے کہا کہ ضلع کی مجموعی ترقی، عوامی فلاح وبہبود، صحت و تعلیم کے شعبوں میں بہتری، اشیاء روزمرہ کی مقرر کردہ نرخوں پر دستیابی سمیت قیام امن کو یقینی بنانے میں اس کمیٹی کا کلیدی کردار ہے۔انہوں نے کہا کہ کورونا نے دنیا بھر میں ترقی کے عمل کو متاثر اور مہنگائی میں اضافہ کیا ہے تاہم حکومت پاکستان کی بروقت اور بہتر پالیسیوں کی بدولت ہمارے ملک میں صورتحال خطہ کے دوسرے ممالک کی نسبت بہتر ہے۔انہوں نے کہا کہ جاری ترقیاتی منصوبوں پر کام کی رفتار کو مزید تیز کیا جائے اور کوئی منصوبہ فنڈز کی کمی کے باعث التواء کا شکار نہیں ہونا چاہیے۔

علاوہ ازیں تمام ممبران قومی و صوبائی اسمبلی، ٹکٹ ہولڈرز اور پی ٹی آئی تنظیم کے عہدیداران کو بھی ضلع میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی پیشرفت بارے تفصیلی آگاہ کیا جائے تاکہ وہ تسلسل کے ساتھ فلاح عامہ کے منصوبوں کو چیک کرکے ان کے معیار اور رفتار پر نظر رکھ سکیں۔انہوں نے ہدایت کی کہ ضلع میں رواں مالی سال میں مکمل ہونے والے اور آئندہ سال میں جانے والے منصوبوں، دستیاب فنڈز بارے بھی تفصیلات بتائی جائیں اگر کسی منصوبہ میں فنڈز کی کمی کا مسئلہ ہے تو فوری طور پر صوبائی وزیر خزانہ مخدوم ہاشم جواں بخت کو آگاہ کیا جائے تاکہ وہ اسے حل کر سکیں۔انہوں نے ہدایت کی کہ محکمہ سوئی گیس اور میپکو بھی اپنے منصوبوں میں تیزی لائیں اور بروقت انہیں مکمل کریں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ ضلع میں کورونا ویکسین میں تیزی اور ایس او پیز پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے۔ضلع میں امن و امان کے حوالہ سے وزیر اعظم پاکستان کو آگاہ کیا ہے جبکہ وزیر اعلیٰ پنجاب سے بھی رابطہ میں ہیں حکومت کی جانب سے پولیس کو تمام وسائل فراہم کئے جائیں گے۔انہوں نے ارکان اسمبلی سے کہا کہ عوامی رابطہ مہم تیز کریں اور عوام کو بتائیں کہ حکومت وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں نہایت محدود وسائل کے باوجود بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کر رہی ہے

موجودہ مشکل حالات کم وقت کے لئے ہیں جلداچھے دنوں کا آغاز ہو گا۔صوبائی وزیر خزانہ مخدوم ہاشم جواں بخت نے کہا کہ صوبہ بھر کی طرح ضلع رحیم یار خان کے تمام شہری و دیہی علاقوں کو بغیر کسی سیاسی تفریق کے یکساں ترجیح دی جا رہی ہے اور ضلع کے تمام حلقوں میں فلاح عامہ کے منصوبے تیزی سے مکمل کئے جا رہے ہیں۔انہوں نے وفاقی وزیر اور شرکاء اجلاس کو اپنے حالیہ دورہ رحیم یار خان کے حوالہ سے بھی تفصیلی آگاہ کیا اور بتایا کہ انشاء اللہ ضلع میں جاری تمام میگا پراجیکٹس اپنی مقررہ مدت میں مکمل ہوں گے جبکہ فنڈز کی فراہمی کے حوالہ سے کوئی منصوبہ التواء کا شکار نہ ہو گا۔