ملک بھر میں کوکنگ آئل کی قیمت میں 130 فیصد اضافہ

 
0
234

اسلام آباد 05 نومبر 2021 (ٹی این ایس): گزشتہ تین برس کے دوران ملک بھر میں کوکنگ آئل کی قیمت میں 130 فیصد اضافہ ہوا یعنی کوکنگ آئل کی قیمت 160 روپے سے بڑھ کر 369 روپے کلو ہو گئی ہے۔رپوٹ کے مطابق تیل بنانے والے مختلف عناصر جیسا کہ درآمدی اخراجات، ٹیکسز/ڈیوٹیز، ریکوری، ٹرانسپورٹ، پیکجنگ، منافع کا فرق اور خوردنی تیل / گھی کی کوالٹی سے متعلق سرکاری اعدادوشمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ تقریباً 300 کے قریب بااثر افراد نے مارکیٹ کے مجموعی 1500 ارب روپے کے منافع کو اپنے قبضے میں لے رکھا ہے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق خوردنی تیل کی قیمتوں میں اس غیرمعمولی اضافے سے مینوفیکچررز، ہول سیلرز اور مڈل مین کو مجموعی طور پر اگست 2018 سے ستمبر 2021 تک 170 ارب روپے سے 190 ارب روپے تک اضافی منافع حاصل ہوا ہے۔

رپوٹ کے مطابق نومبر 2019 سے جولائی 2020 اور پھر اکتوبر / دسمبر 2020 سے جون/جولائی 2021 میں سب سے زیادہ منافع حاصل کیا گیا جب خوردنی تیل کی قیمتوں میں عالمی سطح پر بڑی کمی واقع ہوئی تھی لیکن خوردنی تیل کی قیمتوں میں اضافہ بدستور جاری رہا حالانکہ پام آئل کی درآمدات پر ڈیوٹی میں بھی جنوری 2020 سے اپریل 2020 تک کمی کر دی گئی تھی۔

نومبر 2019 سے مارچ 2020 تک خوردنی تیل کی قیمتیں 213 روپے فی لیٹر سے 261 روپے فی لیٹر ہوئیں حالانکہ عالمی مارکیٹ میں پام آئل کی قیمتیں 750 ڈالر فی ٹن سے کم ہوکر 518 ڈالر فی ٹن ہو گئی تھی۔

اس مدت میں مینوفیکچررز نے صارفین کو ریلیف فراہم نہیں کیا حالانکہ ان کی اوسط پیداواری لاگت 123.5 روپے فی لیٹر سے 166.3 روپے فی لیٹر تک رہی تھی۔