تحریک چلانے کا وقت وہ تھا جب فضل الرحمان پہلی دفعہ اسلام آباد آئے تھے، شیخ رشید

 
0
91

اسلام آباد 13 نومبر 2021 (ٹی این ایس): وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نےکہا ہے کہ اتحادی کہیں نہیں جارہے، مطالبے منوانے کے لئے کچھ نہ کچھ کرناہوتا ہے،تحریک چلانے کا وقت وہ تھا جب فضل الرحمان پہلی دفعہ اسلام آباد آئے تھے۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفت گو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ اپوزیشن والے انتخابی مہم چلارہے ہیں، وزیراعظم عمران خان 5سال پورے کریں گے۔

افغانستان کی صورتحال کے اثرات بھی پاکستان پر ہوں گے، پاکستان کی معیشت پہلے ہی مشکل صورتحال کا شکار ہے۔

پاکستان کی پولیس پر بھاری ذمہ داریاں ہیں، اسلام آباد پولیس میں ایک ہزار جوانوں کو جلد بھرتی کیا جائے گا، فائل وزارت خزانہ میں ہے، پاکستان میں وزیر کوبھی فائل کے ساتھ چلنا پڑتاہے۔

اسلام آباد میں کرائم کم ہونے چاہئیں،پنجاب میں پولیس کے جو لوگ شہید ہوئے انکے گھرجائیں گے۔شیخ رشید نے کہا کہ وہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے حامی ہیں، ان کی جماعت عمران خان کے ساتھ کھڑی ہے۔

وزیر داخلہ نے بتایا کہ وہ ٹی ایل پی کے ساتھ ہونے والے معاہدے میں شامل نہیں تھے، ان کے ساتھ ہونے والے معاملات ہفتہ دس دن میں سامنے آجائیں گے،ٹی ایل پی کو پنجاب حکومت نے کالعدم قرار دیا تھا، انہی کی درخواست پر پابندی واپس لی،ٹی ٹی پی کے ساتھ مذاکرات پر دفتر خارجہ بہتر تبصرہ کرسکتاہے۔