ایان علی کے قابل ضمانت وارنٹ برقرار، ایک دن حاضری سے استثنی منظور

 
0
368

اسلام آباد جولائی29 (ٹی این ایس) کرنسی اسمگلنگ کیس میں کسٹم عدالت نے ماڈل ایان علی کے قابل ضمانت وارنٹ برقرار رکھتےہوئے ایک دن حاضری سے استثنی کی درخواست منظورکرلی۔تفصیلات کے مطابق کرنسی اسمگلنگ کیس میں مطلوب ماڈل گرل ایان علی وارنٹ جاری ہونے کے باوجود عدالت پیش نہ ہوئی ، راولپنڈی کی کسٹم عدالت کے جج نے کرنسی اسمگلنگ کیس کی سماعت کی ، ملزمہ کی جانب سے وکیل لطیف کھوسہ عدالت میں پیش ہوئے

۔وکیل آصف کھوسہ نے ماڈل ایان علی کی مصروفیت کے باعث حاضری سے استثنیٰ اور قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری برقرار رکھنے کی استدعا کی، جس پر عدالت نے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری برقرار رکھتے ہوئے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرلی۔یاد رہے کہ رواں سال جون میں کرنسی اسمگلنگ کیس میں کسٹم عدالت نے نامزد ماڈل ایان علی کے وارنٹ گرفتاری جاری کئے تھے، عدالت نے ملزمہ کے پیش نہ ہونے پر سخت برہمی کا اظہارکرتے ہوئے کہا پہلے کی درخواستوں میں ملزمہ خود بیمارہوتی تھیں اور اب ان کی والدہ بیمار ہوگئی ہیں۔خیال رہے کہ رواں سال 23فروری کو ضمانت پر رہائی اور سپریم کورٹ کی ہدایت پر ایگزٹ کنٹرول لسٹ سے نام خارج ہونے کے بعد ماڈل ایان علی بیرون ملک روانہ ہو گئیں تھی۔واضح رہے کہ ماڈل ایان علی 2015 میں اسلام آباد ائیرپورٹ سے دبئی پانچ لاکھ ڈالرز غیر قانونی طورپر لے جاتے ہوئے پکڑی گئیں تھیں، جس کے بعد انہیں تین ماہ جیل کی ہوا کھانی پڑی تھی