اسلام آباد 23 نومبر 2021 (ٹی این ایس): وزیر اعظم کے مشیر برائے خزانہ و محصولات شوکت فیاض ترین نے کہا ہے کہ تجارتی مسابقت کے فروغ اور شفافیت کو یقینی بنانے کے لئے حکومت پاکستان سنگل ونڈو پروگرام کے عملی نفاذ اور اطلاق میں پرعزم ہے، پاکستان سنگل ونڈو کو دائرہ کار میں توسیع کی سرگرمیوں پر توجہ مرکوز کرنی چاہیے۔ یہ بات انہوں نے منگل کو یہاں پاکستان سنگل ونڈو کی گورننگ کونسل کے دوسرے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔
وفاقی وزیرسائنس و ٹیکنالوجی شبلی فراز ، سیکرٹری تجارت ، سیکرٹری سائنس و ٹیکنالوجی، گورنر سٹیٹ بینک ، ممبر کسٹم ، ایف بی آر اور مختلف وزارتوں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ گورننگ کونسل کےسیکرٹری نے پاکستان سنگل ونڈو کے حوالے سے ہونے والی پیشرفت، حاصلات، اہداف ، اہم سنگ ہائےمیل اور چیلنجز بارے تفصیل سے بریفنگ دی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کسٹمز نے مقامی اور بین الاقوامی ماہرین کے تعاون سے پائیداریت اور فعالیت کو یقینی بنانے کے لئے پاکستان سنگل ونڈو کو آپریشنل کردیا ہے۔ اجلاس کے شرکا کو گزشتہ اجلاس میں ہونے والے فیصلوں پر کے عملدرآمد کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔
سیکرٹری نےبتایاکہ پاکستان سنگل ونڈو کے تحت اٹھائے جانے والے اقدامات کے حوالے سے قانونی فریم ورک لاگو ہے۔ کووڈ۔19 اور ڈونرز کی جانب سے تاخیر کے باوجود پاکستان سنگل ونڈو کے نفاذ اور اطلاق کے ضمن میں نمایاں پیشرفت ہوئی ہے ۔پاکستان سنگل ونڈو کے چیف ایگزیکٹو آفیسر نے اجلاس کے شرکا کو بتایا کہ پہلے مرحلے کے تحت اقدامات جاری ہیں جو مارچ 2022 میں مکمل ہوں گے ۔اس سے پاکستان کو عالمی تجارتی تنظیم کے ٹریڈ فیسلی ٹیشن ایگریمنٹ کے تحت اپنے وعدوں کے نوٹیفکیشن میں مدد ملے گی۔
سٹیٹ بینک کے گورنر اور دیگر وزارتو ں اور محکموں نے پاکستان سنگل ونڈو کے نظام اور اس کے اطلاق کے بارے میں اٹھائے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیا۔ وزیراعظم کے مشیر برائے خزانہ اورمحصولات شوکت ترین نے پاکستان سنگل ونڈو کے حوالے سے ضروری ہدایات جاری کیں اور اس کے اطلاق میں ہونے والی پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔
انہوں نے پاکستان سنگل ونڈو میں کلیدی کردار ادا کرنے پر ایف بی آر اور پاکستان کسٹمز کی تعریف کی۔ وزیراعظم کے مشیر نے کہاکہ پاکستان سنگل ونڈو پروگرام کے حوالے سے اصلاحات میں مکمل معاونت فراہم کی جائے گی۔ اس پروگرام کی کامیابی کے لئے سرکاری اور نجی شعبہ کو مل کر کام کرنا چاہیے۔
پاکستان سنگل ونڈو کو دائرہ کار میں توسیع کی سرگرمیوں پر توجہ مرکوز کرنی چاہیے۔ اس کے علاوہ نجی شعبہ کو پروگرام کو جانچنے کے مواقع فراہم کرناچاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سنگل ونڈو کا نفاذ و اطلاق موجودہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے ۔اس سے نہ صرف تجارتی مسابقت بلکہ شفافیت اور فعالیت کو بھی یقینی بنایا جاسکے گا۔ اجلاس میں شریک تمام وزارتوں اور محکموں نے پروگرام کی کامیابی کے لئے مل کر کام کرنےپر اتفاق کیا۔