قائد حزب اختلاف کی چیف الیکشن کمشنر کو خط، ڈسکہ الیکشن سے متعلق کاروائی کا مطالبہ

 
0
100

اسلام آباد 26 نومبر 2021 (ٹی این ایس): قائد حزب اختلاف شہباز شریف کی جانب سے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کو لکھے گئے خط میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ ڈسکہ الیکشن چوری میں ملوث افسران کے خلاف کارروائی کی جائے۔

شہباز شریف نے خط میں لکھا کہ پس پردہ رہ کر انتخابی دھاندلی کرانے والوں کو پکڑا جائے اور ان کے خلاف کارروائی کی جائے، تحقیقات کرکے وفاقی و صوبائی سطح پر ذمے داروں کے خلاف کارروائی کی جائے۔
شہباز شریف نے خط میں لکھا کہ ڈسکہ الیکشن میں ملوث افسران اورعملے کے خلاف عدالت میں شکایات دائر کی جائیں، نشاندہی ہونے والے لوگوں کے خلاف سزا کا عمل شروع کیا جائے۔

قائد حزب اختلاف نے الیکشن کمیشن کو خط میں یہ بھی لکھا کہ ضلعی حکام کو مجرمانہ عزائم کے تحت ہدایات جاری کرنے والوں کو پکڑا جائے۔

انہوں نے مزید لکھا کہ سیاسی جماعتوں کی مشاورت سے رولز ، ضابطہ اخلاق اور الیکشن ایکٹ میں ترامیم کی جائیں تاکہ آئندہ ڈسکہ الیکشن جیسی بے ضابطگیاں نہ ہوں۔