اسلام آبادپولیس نے نیشنل لیول کا تیسرا سالانہ شوٹنگ مقابلہ جیت کر ٹرافی اپنے نام کر لی ،پولیس ٹیم نے مسلسل تیسری باریہ اعزازحاصل کیا جو ہمارے لئے بڑے اعزاز کی بات ہے،آئی جی اسلام آباد

 
0
257

اسلام آباد 03 دسمبر 2021 (ٹی این ایس): تفصیلات کے مطابق آئی جی اسلام آباد قاضی جمیل الرحمان نے نشانہ بازی کے مقابلوں میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے پر اسلام آباد پولیس ٹیم کی حوصلہ افزائی کے لیے سنٹرل پولیس آفس میں پروقار تقریب کا انعقاد کیا،جس میں ایس ایس پی ہیڈ کوارٹرز فرخ رشید ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹر جناب سید سجاد حیدر علی بخاری صاحب اور ،ایس پی طاہر خان و دیگر پولیس افسران اور جیتنے والی ٹیم نے شرکت کی ۔
آئی جی اسلام آباد نے پولیس ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے شاباش دی تعریفی سرٹیفیکیٹ اور انعامات سے نوازا،انھوں نے ٹیم سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ آپ نے بہترین نشانہ بازی کا مظاہرہ کیا جس سے پورے ملک میں اسلام آباد پولیس کا نام روشن ہوا ہے مسلسل تیسری بار یہ اعزازحاصل کرنے پر مجھے آپ پر فخر ہے، امید ہے کہ آئندہ بھی اسی طرح محنت کرتے ہوئے کھیلوں کے مقابلوں میں محکمہ پولیس کا نام روشن کریں گے۔
پولیس لائنز ہیڈ کوارٹر میں نیشنل پولیس بیورو نے چار روزہ آل پاکستان پولیس شہداءمیموریل شوٹنگ مقابلوں کا انعقاد کیا تھا جس میں ملک بھر سے پولیس ٹیموں نے حصہ لیا جن میں آئی بی، ایف سی، پنجاب، بلوچستان، خیبر پختونخواہ، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان، اور ایس ایس یو سندھ پولیس کی ٹیمیں شامل تھیں،ان مقابلوں میں پولیس اہلکاروں کے ساتھ ساتھ خواتین پولیس نے بھی اپنی مہارت کے جوہر دکھائے، منعقد کردہ مقابلوں میں اسلام آباد پولیس نے پہلی، پنجاب پولیس نے دوسری، جبکہ سندھ پولیس نے تیسری پوزیشن حاصل کی اس یونٹ کے انعقاد کا مقصد شہداءکو خراج تحسین اور پولیس اہلکاروں کی صلاحیتوں میں مزید اضافے کے ساتھ حوصلہ افزائی کرنا ہے ۔