لاہور جولائی29 (ٹی این ایس )پاکستان کرکٹ بورڈ نے سپر لیگ مبینہ اسپاٹ فکسنگ میں ملوث کرکٹرز شرجیل خان اور خالد لطیف پر تاحیات پابندی کی درخواست کردی۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے کے قانونی مشیر تفضل رضوی نے کہا ہے کہ اسپاٹ فکسنگ کیس میں ملوث کرکٹر شرجیل خان کیس میں حتمی تحریری دلائل ٹریبونل کو ارسال کردیئے گئے ہیں اور پی سی بی کی جانب سے یہ کیس مکمل ہوچکا ہے۔تفضل رضوی نے بتایا کہ خالد لطیف کا رویہ مضحکہ خیز ہے، وہ پہلے بائیکاٹ کرتے رہے اور اب دوبارہ کارروائی چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں کرکٹرز پر تاحیات پابندی کی درخواست کی ہے اور کھلاڑیوں پر مثالی جرمانوں کا بھی مطالبہ کیا ہے۔تفضل رضوی کا کہنا تھا کہ امید ہے ٹریبونل جلد فیصلہ سنائے گا۔شرجیل خان کے وکیل شیغان اعجاز نے کہا کہ شرجیل خان بے گناہ ہے ۔ شرجیل خان نے بکیز سے کوئی معاملات طے نہیں کئے ۔ انہوں نے کہا کہ بورڈ نے کمزور بیساکھیوں کا سہارا لیا ہے اور سب بے نقاب ہوگیا ہے ۔













