دہشتگردوں اور ملک دشمن عناصرکے مقابلے کیلئے پنجاب پولیس ایک سیسہ پلائی دیوار ثابت ہو گی ‘ آئی جی پنجاب

 
0
414

لاہور جولائی 29(ٹی این ایس )انسپکٹرجنرل پولیس پنجاب کیپٹن (ر)عارف نواز خان نے کہاہے کہ پنجاب پولیس نے سینکڑوں شہداء کی قربانیاں دے کر صوبے میں دہشتگردی کے خلاف اہم کامیابیاں حاصل کی ہیں اور پنجاب پولیس دہشتگردی کے خلاف ہراول دستے کا کردار ادا کرتی رہے گی،عوام کے جان،مال اور عزت کی حفاظت پنجاب پولیس کا اولین فرض ہے اور اس فرض کی ادائیگی ہر حال میں یقینی بنائی جائے گی، دہشتگردوں اور ملک دشمن عناصرکے مقابلے کیلئے پنجاب پولیس ایک سیسہ پلائی دیوار ثابت ہو گی اور جلد ہی انہیں قانون کے کٹہرے میں لا کر کیفرکردار تک پہنچایا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سی ٹی ڈی ہیڈ کوارٹرز کے دورے کے دوران افسران سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے اس موقع پر سی ٹی ڈی کے جوانوں اور افسران کے جذبے اور ولولے کوسراہا اور کہا کہ سی ٹی ڈی ایک سپیشلائزڈ فورس ہے اور اس کی وجہ سے دہشتگردی پر قابو پانے میں کافی حد تک کامیابی حاصل ہوئی ہے انہوں نے تاکید کی کہ آپریشن کومذید تیز کیا جائے تاکہ بچ جانے والے دہشتگردوں کو بھی قانون کے کٹہرے میں لایا جا سکے۔اس سے قبل سی ٹی ڈی ہیڈ کوارٹرز پہنچنے پر آئی جی پنجاب کا شاندار استقبال کیا گیا ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی رائے طاہر نے آئی جی کو سی ٹی ڈی کی کارکردگی کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ سی ٹی ڈی پنجاب نے نیشنل ایکشن پلان میں اہم کامیابیاں حاصل کی ہیں، تین ہزار سے زیادہ دہشتگردوں کو گرفتار کیا گیا اور سینکڑوں دہشتگردوں کو گرفتار کر کے عدالت سے سزا دلوائی گئی ہے۔پنجاب میں مقامی دہشتگردوں کی کمر توڑ دی گئی ہے اور فرقہ واریت پر قابو پا لیا گیا ہے۔ ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی نے مذید کہا کہ سابقہ تمام بم دھماکوں کے ملزمان کو انصاف کے کٹہرے میں لایا گیا ہے، حالیہ بم دھماکوں کے ماسٹر مائینڈ افغانستان میں پناہ لیے ہوئے ہیں جنہیں جلد گرفتارکر لیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ نئے آئی جی کی قیادت میں سی ٹی ڈی پنجاب پہلے سے زیادہ تندہی سے دہشتگردوں کے خلاف آپریشن جاری رکھے گی۔