سندھ کی 6 غیر فعال یونیورسٹیوں کو 15دن کی مہلت

 
0
133

اسلام آباد 12 دسمبر 2021 (ٹی این ایس): کراچی،سندھ ہائر ایجوکیشن کمیشن نے سندھ حکومت کی جانب سے چارٹرڈ پرائیویٹ سیکٹر کی 6یونیورسٹیز کے خلاف سخت کارروائی کا انتباہ جاری کردیا ہے۔ سندھ ہائر ایجوکیشن کمیشن کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا ہے کہ پرائیویٹ سیکٹر کی6یونیورسٹیز اپنے قیام کے روز سے ہی غیر فعال رہی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق سندھ ہائر ایجوکیشن کمیشن کے ڈائریکٹر اکیڈمکس کی جانب سے کہا گیا ہے کہ پاکستان یونیورسٹی کراچی، سٹی یونیورسٹی کراچی، اتحاد یونیورسٹی کراچی، سابقہ الطاف حسین یونیورسٹی حیدرآباد (جس کا نیا نام محترمہ فاطمہ جناح یونیورسٹی حیدرآباد رکھا گیا)سابقہ الطاف حسین یونیورسٹی کراچی جسے محترمہ فاطمہ جناح یونیورسٹی کراچی کا نام دیا گیا تھا کے علاوہ قلندرشہباز یونیورسٹی آف ماڈرن سائنس ٹنڈو محمد خان کے انتباہ جاری کیا گیا ہے ۔ ان یونیورسٹیز کے سربراہان اور ان کی اسپانسرنگ باڈیز کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ اس اشتہار کی اشاعت کے 15 یوم کے اندر کلفٹن بلاک 1 میں التمش اسپتال کے قریب بنگلہ نمبر 46 ڈی میں قائم سندھ ہائر ایجوکیشن کمیشن کے دفتر سے رجوع کریں بصورت دیگر ان یونیورسٹی کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔