معروف ماہر امراض خون پروفیسر ڈاکٹر طاہر شمسی انتقال کر گَئے

 
0
413

اسلام آباد 21 دسمبر 2021 (ٹی این ایس): ڈاکٹر طاہر شمسی گزشتہ چند دن سے نجی اسپتال کے انتہائی نگہداشت کے شعبے میں زیر علاج تھے۔ اہل خانہ کے مطابق ڈاکٹر طاہر شمسی برین ہیمبرج کا شکار ہونے کے بعد اسپتال میں داخل تھے۔

صدر مملکت عارف علوی نے ماہر امراضِ خون پروفیسر ڈاکٹر طاہر شمسی کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈاکٹر طاہر شمسی نے طب اور تحقیق کے شعبے میں نمایاں خدمات انجام دیں۔ڈاکٹر طاہر شمسی کے بون میرو ٹرانسپلانٹ ،خون اور کینسر کے علاج میں خدمات ياد رکھی جائیں گی۔

ڈاکٹر طاہر شمسی نے 1996 میں ملک میں بون میرو ٹرانسپلانٹ متعارف کروایا۔ انہوں نے بون میرو ٹرانسپلانٹ کے 650 آپریشن کیے اور 100 سے زیادہ تحقیقی مضامین لکھے۔

کورونا وائرس کی پہلی لہر کے دوران ڈاکٹر طاہر شمسی نے صحت یاب ہونے والوں کے پلازما کے ذریعے کوویڈ 19 کے مریضوں کاعلاج تلاش کیا۔

امریکا میں ڈاکٹروں کی ایک غیر سرکاری تنظیم ’ڈاؤ گریڈیٹس ایسوسی ایشن آف نارتھ امریکا‘ نے ڈاکٹر طاہر شمسی کو ان کی خدمات کے اعتراف میں 2016 میں لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ دیا۔

ڈاکٹر طاہر شمسی نے 2011 میں خون سے متعلق بیماریوں کے علاج کے لیے نیشنل انسٹی ٹیوٹ فار بلڈ ڈیزیز قائم کیا۔

ڈاکٹر طاہر شمسی این آئی بی ڈی میں اسٹیم سیل پروگرام کے ڈائریکٹر بھی تھے اور وہ رائل کالج کے پیتھالوجسٹ فیلو بھی تھے۔