آئی ٹی کے شعبے میں سرمایہ کاروں کو سہولیات فراہم کریں گے: وزیر اعظم

 
0
147

اسلام آباد 22 دسمبر 2021 (ٹی این ایس): وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کسی کو یہ احساس نہیں کہ یہ انتخابات جدید اور تبدیل شدہ نظام کی شروعات ہیں۔

وزیر اعظم عمران خان کی زیرصدارت اسپیشل ٹیکنالوجی زونز اتھارٹی بورڈ آف گورنر کا اجلاس ہوا۔ اس موقع پر وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ آئی ٹی کے شعبے میں سرمایہ کاروں کو سہولیات فراہم کریں گے اور برآمدات میں اضافے کے لیے ٹیکنالوجی کے شعبے سے استفادے پر توجہ مرکوز ہے۔

انہوں نے کہا کہ غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے لیے کاروباری دوست ماحول کا قیام ترجیح ہے اور خیبر پختونخوا کے بلدیاتی انتخابات پر شور شرابہ کیا جا رہا ہے لیکن کسی کو یہ احساس نہیں کہ یہ انتخابات جدید اور تبدیل شدہ نظام کی شروعات ہیں۔

وزیر اعظم نے ہدایت دی کہ متعلقہ حکام آئی ٹی کے شعبے میں ممکنہ سرمایہ کاروں کی سہولت کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کریں اور براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے لیے کاروبار کرنے میں آسانی کو یقینی بنایا جائے۔

عمران خان نے کہا کہ ایسا نظام کامیاب جمہوریت میں ہوتا ہے اور براہ راست منتخب تحصیل ناظم گورننس کو بہتر بنائیں گے۔ ایسے نظام سے مستقبل کے لیڈرز تیار ہوں گے اور 74 سالہ تاریخ میں پہلی بار ہمارے پاس ایک بااختیار لوکل گورنمنٹ نظام ہے۔

وزیر اعظم کو دی گئی بریفنگ میں بتایا گیا کہ آئی ٹی کے شعبے میں 2 ہزار ارب روپے کی سرمایہ کاری کی گئی ہے اور اسپیشل ٹیکنالوجی زونز اتھارٹی کے تحت مختلف منصوبوں کے لیے 520 ملین رکھے جائیں گے۔