وہ وقت دور نہیں جب آپ لوگوں کی تقدیر بدلے گی: آصف علی زرداری

 
0
246

اسلام آباد 28 دسمبر 2021 (ٹی این ایس): سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو آپ کی تقدیر بدلے گا۔ انہوں نے کہا کہ وہ وقت بھی دور نہیں جب آپ لوگوں کی تقدیر بدلے گی۔

انہوں نے یہ بات گڑھی خدا بخش میں بے نظیر بھٹو کی برسی کے حوالے سے منعقدہ بڑے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

آصف زرداری نے کہا کہ بی بی صاحبہ سے کیا ہوا وعدہ آہستہ آہستہ پورا کر رہا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے ہمیشہ عوام کی خدمت کی ہے۔

آصف زرداری نے کہا کہ پاکستان ایک امیر ملک ہے لیکن یہاں سوچ کی کمی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام کا یہ نصیب نہیں کہ وہ ہمیشہ غریب رہیں۔

واضح رہے کہ آصف زرداری اچانک گڑھی خدا بخش میں منعقدہ جلسہ عام میں پہنچے جہاں انہوں نے اسٹیج پہ بلاول بھٹو کو بوسہ دیا اور کارکنان کے نعروں کا ہاتھ ہلا کر جواب دیا۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے لاڑکانہ میں ذرائع ابلاغ سے بات چیت کرتے ہوئے کہا تھا کہ سابق صدر پاکستان اپنی طبیعت کی خرابی کے باعث جلسہ عام میں شرکت نہیں کریں گے جب کہ صوبائی وزیر اطلاعات و نشریات سعید غنی کا کہنا تھا کہ کل کے جلسے میں شاید آصف زرداری شریک نہ ہوں۔

حیرت انگیز بات یہ ہے کہ جس وقت وزیراعلیٰ سندھ آصف زرداری کی طبیعت خرابی کے متعلق میڈیا کو بتا رہے تھے عین اسی وقت یہ خبر ذرائع ابلاغ دے رہے تھے کہ سابق صدر پاکستان خصوصی طیارے کے ذریعے اسلام آباد پہنچ گئے ہیں۔ آصف زرداری آج خصوصی طیارے کے ذریعے لاڑکانہ پہنچے ہیں۔