تحریک پاکستان پارک ایچ ایٹ کی ڈویلپمنٹ کا کام تیزی سے جاری۔

 
0
311

اسلام آباد 02 جنوری 2022 (ٹی این ایس): وفاقی ترقیاتی ادارے (کپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی) کی انتظامیہ کی ہدایت پر اسلام آباد کے شہریوں کو تفریحی سہولیات کی فراہمی اور آنے والی نسل کو تحریک پاکستان کے دوران دی جا نے والی قربانیوں سے روشناس کروانے کے لئے اسلام آباد کے سیکٹر ایچ ایٹ میں تحریک پاکستان پارک ڈویلپ کیا جا رہا ہے جس پر تعمیراتی کام تیزی سے جا ری ہے۔

تفصیلات کے مطابق سیکٹر ایچ ایٹ میں اسلام آباد ہائی وے کے ساتھ تعمیر کئے جانے والے اس پارک کا ابتدائی رقبہ تقریباً پانچ ایکڑ پر محیط تھا تاہم سی ڈی اے انتظامیہ کی خصوصی ہدایت پر غیر استعمال زمین کو استعمال میں لاکر اب تقریباً 10ایکڑ رقبے پر ڈیویلپ کیا جارہا ہے۔ اس پارک میں ٹو ڈی اور تھری ڈی ڈیزائن کی دیواریں تعمیر کی جائیں گی جس پر قیام پاکستان کے وقت ہونے والی تاریخ کی سب سے بڑی ہجرت کی تصویری کی ٹو ڈی اور تھری ڈی عکاسی کی جائے گی جس سے نئی نسل کو پاکستان بننے کی تاریخ آگاہی پیدا ہوگی ۔

ان دیواروں کا سول ورک مکمل کرلیا گیا ہے اور بارشوں کے متوقع سپیل کے بعد ان دیواروں کی شٹرنگ کا کام شروع کردیا جائے گا۔سیکٹر ایچ ایٹ میں بننے والے تحریک پاکستان پارک میں کنکریٹ فلورنگ کا کام مکمل کرلیا گیا ہے جبکہ دیگر ترقیاتی کاموں پر تیزی سے کام جاری ہے۔
واضح رہے کہ یہ پارک کو بنانے کا مقصد شہریوں کو تفریحی سہولیات فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ ایک اوپن میوزیم کے طور پر لوگوں کو تعلیمی معلومات بھی فراہم کرنا ہے تاکہ تحریک پاکستان اور تاریخ کی سب سے بڑی ہجرت کے وقت دی جانے والی قربانیوں کو نئی نسل میں تعلیمی اور معلوماتی لحاظ سے منتقل کیا جاسکے۔ یہ پارک پاکستان میں اپنی نوعیت کا پہلا پارک ہے جو اس طرز پر تعمیر کیا جارہا ہے۔

مزکورہ منصوبے کے تحت پارک میں بچوں کے کھیلنے کے لئے جھولے، واک ویز، جوگنگ ٹریکس سمیت دیگر سہولیات بھی میسر ہونگی اسی طرح ماحول کو سرسبز وشاداب رکھنے کے لئے پارک میں مختلف رنگوں کے موسمی پھول بھی لگائے جائیں گے تاکہ پارک میں آنے والے شہری پرفضا ماحول میں بھرپور طریقے سے لطف اندوز بھی ہوسکیں.