مہنگائی سے چھٹکارا عمران خان سے چھٹکارے سے منسلک ہے: شازیہ مری

 
0
187

اسلام آباد 04 جنوری 2022 (ٹی این ایس): پاکستان پیپلزپارٹی کی ترجمان شازیہ عطا مری نے کہا ہے کہ مہنگائی سے چھٹکارا عمران خان سے چھٹکارے سے منسلک ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ عمران خان جھوٹ اور دھاندلی سے الیکشن جیت کر آئے تھے۔

سابق ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی فیصل کریم کنڈی کے ہمراہ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے رکن قومی اسمبلی شازیہ مری نے ارباب اقتدار پر کڑی نکتہ چینی کی اور کہا کہ یہ مافیا ہیں، ان کو پتہ ہے کہاں سے کمانا ہے؟ انہوں نے کہا کہ یہ کورونا فیڈز کے پیسے بھی کھا گئے ہیں جس کا انہیں جواب دینا ہے۔

شازیہ مری نے کہا کہ فارن فنڈنگ سے متعلق 77 اکاونٹس میں صرف 12 کی تفصیلات دی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ امید ہے کہ رواں سال اچھی خبریں ملیں گی۔

سابق صوبائی وزیر نے کہا کہ ہم نے ایک ڈاکومنٹ تیار کیا ہے جس کے تحت یہ تبدیلی نہیں تباہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ لوگ جب سے آئے ہیں صرف کما رہے ہیں لگا نہیں رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی حکومت تبدیلی نہیں تباہی لے کر آئی ہے۔

شازیہ مری نے کہا کہ یہ تو وہ لوگ ہیں جو فارن فنڈنگ کے پیسے بھی کھا گئے ہیں۔ انہوں ںے کہا کہ مزدور ،عوام اور کسانوں کے حالات بہت بر ے ہیں جب کہ آج پاکستان دنیا میں چوتھا مہنگا ترین ملک بن گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کورونا میں سب سے برا حال پاکستان کا ہوا ہے۔

پی پی رہنما نے کہا کہ آج مہنگائی ساڑھے 11 فیصد سے بھی بڑھ گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان سے کوئی بھی سوال پوچھا جائے تو جواب کے بجائے گالیاں دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پیٹرول، گیس اور بجلی سمیت ہر چیز کی قیمت میں اضافہ ہوگیا ہے جب کہ دال، آٹا، چینی و گھی کی قیمتیں آسمان کو چھو رہی ہیں۔

ترجمان پاکستان پیپلزپارٹی شازیہ مری نے کہا کہ وقت آگیا ہے کہ عمران خان اپنی غلطیوں پر قوم سے معافی مانگیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے پاکستان کو تاریخی قرضے میں ڈوبا دیا ہے۔

رمضان و عید کی طرح خیبرپختونخوا میں تبدیلی کا چاند نظر آگیا، فیصل کریم کنڈی

پاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ رمضان و عید کی طرح خیبرپختونخوا میں تبدیلی کا چاند نظر آگیا ہے۔

ترجمان پاکستان پیپلزپارٹی شازیہ عطا مری کے ہمراہ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے قومی اسمبلی کے سابق ڈپٹی اسپیکر فیصل کریم کنڈی نے استفسار کیا کہ گزشتہ ساڑھے تین سالوں میں حکومت نے عوام کے لیے کیا کیا؟

فیصل کریم کنڈی نے انتہائی برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اب تحریک انصاف کی تلاشی کا وقت آگیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اجتماعی شادیوں کا سنا تھا، اجتماعی فیصلوں کا تو نہیں سنا تھا۔

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے زور دے کر کہا کہ جمہوری طریقے سے ان ہاؤس تبدیلی لانی چاہیے۔