اسلام آباد اینٹی وہیکل لفٹنگ سیل کا کارلفٹرز کے خلاف کریک ڈاون، رضوان مائیکل گینگ کے تین خطرناک کارلفٹرز گرفتار کر لئے، ایک کروڑ 45 لاکھ روپے مالیت کی 11گاڑیاں برآمد

 
0
205

اسلام آباد 06 جنوری 2022 (ٹی این ایس): اسلام آباد اینٹی وہیکل لفٹنگ سیل کا کارلفٹرز کے خلاف کریک ڈاون، رضوان مائیکل گینگ کے تین خطرناک کارلفٹرز گرفتار کر لئے، ایک کروڑ 45 لاکھ روپے مالیت کی 11گاڑیاں برآمد، یہ گینگ اسلام آباد سے گاڑیاں چوری کر کے پشاور میں فروخت کرتا تھا۔آئی جی اسلام آباد محمد احسن یونس نے ایک تقریب کے دوران برآمد ہونے والی گاڑیوں کی چابیاں ان کے اصل مالکان کے حوالے کردیں ، گاڑیوں کے مالکان نے چوری شدہ گاڑیاں واپس ملنے پر انتہائی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اسلام آباد پولیس کی کاوشوں کی تعریف کی۔
تفصیلات کے مطابق انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد محمد احسن یونس کی خصوصی ہدایات پر اسلام آباد میں کار چوری کی روک تھام اور مسروقہ گاڑیوں کی برآمد گی کے لئے موثر حکمت عملی ترتیب دی گئی ہے ، اسلام آباد پولیس کے اینٹی وہیکل لفٹنگ سیل نے کار چوروں کے خلاف کریک ڈا ﺅن کے دوران خطرناک رضوان مائیکل کارلفٹرز گینگ کے تین ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے ، گرفتار کارلفٹرز میں رضوان مائیکل ولد وکی جان سکنہ کیڈٹ کالج حسن ابدال اٹک، سرتاج ولد تاج محمد سکنہ خٹک کلے تحصیل و ضلع نوشہرہ، راشد علی ولد محمد حنیف سکنہ چک نمبر 245 ر،ب عباس پور تحصیل صدر فیصل آباد شامل ہیں ، ملزمان کے قبضہ سے ایک کروڑ 45 لاکھ روپے مالیت کی 11مسروقہ گاڑیاں برآمد کر لی ہیں جو تھانہ کوہسار، انڈسٹریل ایریا ، سبزی منڈی ،کھنہ، مارگلہ ، کراچی کمپنی، رمنا کے علاقوں سے چوری ہوئی تھیں،یہ ملزمان زیادہ تر کرولا گاڑیاں چوری کرتے تھے ، ملزمان اسلام آباد کے پوش سیکٹرز میں گھوم پھر کر گلیوں کی ریکی کرتے تھے اور موقع ملتے ہی گاڑی چوری کرتے اور پشاور میں فروخت کر دیتے تھے ،۔ملزمان سابقہ ریکارڈ یافتہ اور متعدد مقدمات میں چالان یافتہ ہیں۔انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد محمد احسن یونس نے جمعرات کے روز پولیس لائن ہیڈ کوارٹرز میں ایک تقریب کے دوران برآمد ہونے والی گاڑیوں کی چابیاں ان کے اصل مالکان کے حوالے کیں، اس موقع پر ڈی آئی جی آپریشنز اویس احمد ملک، اور ایس ایس پی انوسٹی گیشن عطاءالرحمن اور دیگر افسران بھی موجود تھے،آئی جی اسلام آباد محمد احسن یونس نے انچارج اینٹی وہیکل سیل انسپکٹر لیاقت علی ملک اور ان کی ٹیم کو ایک تنخواہ کے برابر انعام اور تعریفی اسناد دیں، انہوں نے کہا کہ اسلام آباد پولیس اپنے شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے دن رات کوشاں ہے ، اسلام آباد سے جرائم کے سدباب کے لئے ایک نئی حکمت عملی بنائی گئی ہے۔