سی ڈی اے کا تجاوزات اور غیر قانونی تعمیرات کے خاتمے کے لئے بھرپور آپریشن، تجاوزات کنندگان کا 5 ٹرک سامان ضبط۔

 
0
136

اسلام آباد 07 جنوری 2022 (ٹی این ایس): وفاقی ترقیاتی ادارے (کپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی) کی انتظامیہ کی ہدایت پر شعبہ انفورسمنٹ نے جمعہ کے روز شدید بارش کے باوجود بھی اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں ضلعی انتظامیہ اور اسلام آباد پولیس کی معاونت سے تجاوزات اور غیر قانونی تعمیرات کے خاتمے کے لئے متعدد کارروائیاں کیں جسمیں تجاوزات کنندگان کا 5 ٹرک سامان ضبط جبکہ متعدد غیر قانونی تعمیرات اور تجاوزات بھاری مشینری کی مدد سے مسمار کردی گئیں

تفصیلات کے مطابق ان کارروائیوں کا آغاز اسلام آباد کے سیکٹر G-8/1 سے کیا گیا جہاں سرکاری اراضی پر قبضے کی کوشش کو ناکام بناتے ہوئے غیر قانونی مویشی کے باڑے کو بھاری مشینری کی مدد سے مسمار کردیا گیا بعد ازاں سیکٹر G-8 مین ڈبل روڈ پر بھی کارروائی کرتے ہوئے ایک غیرقانونی مویشی کے باڑے کو بھاری مشینری کی مدد سے مسمار کرتے ہوئے سرکاری اراضی پر قبضے کی کوشش کو ناکام بنادیا گیا اور 2 کنال سے زائد سرکاری اراضی واگزار کرالی گئی اسی طرح سیکٹر G-8/4 میں بھی سرکاری اراضی پر تعمیر کیا گیا غیر قانونی کمرہ بھاری مشینری کی مدد سے مسمار کردیا گیا۔ مزیدبرآں اسلام آباد کے ہی سیکٹر G-11/4 میں سرکاری اراضی پر قبضے کی غرض سے 6 عارضی جھونپڑیوں کو بھی ختم کردیا گیا۔

علاوہ چک شہزاد کے علاقے چھٹہ بختاور میں شعبہ انفورسمنٹ نے کارروائی کرتے ہوئے ایک غیرقانونی چار دیواری کو بھاری مشینری کی مدد سے مسمار کردیا گیا اور سرکاری اراضی پر قبضے کی کوشش کو ناکام بنادیا گیا۔ اسی طرح بری امام میں واقع ڈھوک ٹاھلی میں بھی شدید بارش کے دوران شعبہ انفورسمنٹ نے کارروائیاں کرتے ہوئے 3 چار دیواریوں کو بھاری مشینری کی مدد سے مسمار کردیا۔

بعد ازاں فیض آباد کے مقام پر تجاوزات کے خلاف بھرپور کارروائیاں کی گئیں جسمیں روڈ کے دونوں اطراف قائم درجنوں غیر قانونی اسٹالز کو بھاری مشینری کی مدد سے مسمار کردیا گیا اور تجاوزات ہٹاتے ہوئے تجاوزات کنندگان کا 5 ٹرک سامان بھی ضبط کرلیا گیا ان تجاوزات سے ٹریفک کی روانی میں پیدا ہونے والے خلل سے شہریوں کو ٹریفک جام جیسے مسائل کا سامنا تھا آپریشن کے بعد ان راہدریوں کو ٹریفک کے لئے کھول دیا گیا

اس موقع پر سی ڈی اے انتظامیہ کا کہنا تھا کہ سرکاری اراضی کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے اور قبضہ مافیا سے کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی اور ان اقدامات کا مقصد اسلام آباد کو غیرقانونی تعمیرات اور تجاوزات سے پاک رکھنا ہے

واضح رہے کہ گزشتہ کئی ماہ سے وفاقی دارالحکومت میں سی ڈی اے تجاوزات اور غیر قانونی تعمیرات کے خلاف مسلسل آپریشن کرنے میں مصروف ہے جس سے اربوں روپے کی سرکاری اراضی واگزار کرائی جاچکی ہے