شہباز شریف اور شاہد خاقان عباسی تیار ہوجائیں آپ کے پیچھے بھی آرہا ہوں ٗذمہ داری لیتا ہوں کرپشن نہیں ہونے دونگا عمران خان

 
0
413

اسلام آباد جولائی 31(ٹی این ایس ) پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہاہے کہ نواز شریف کے بعد آصف علی زداری اور مولانا فضل الرحمن کی باری ہے ٗ شہباز شریف اور شاہد خاقان عباسی تیار ہوجائیں آپ کے پیچھے بھی آرہا ہوں ٗمیرا کیس عدالت میں ہے ٗمیرے اوپر ایک بات بھی جھوٹ نکلی تو پارٹی سے استعفیٰ دے دونگا ٗ ذمہ داری لیتا ہوں کرپشن نہیں ہونے دونگا ٗ سپریم کورٹ کے پانچوں ججز کو خراج تحسین پیش اور جے آئی ٹی کے ارکان سیلوٹ کرتا ہوں ٗ نئے پاکستان میں ایف بی آر ٗ نیب اور ایف آئی اے آزاد ہونگے ٗ کسی کوکرپشن کر نے کی جرات نہیں ہوگی ٗ پاکستانیوں سے پیسہ اکٹھا کر کے دکھاؤنگا ٗکسی سے قرضے نہیں لینے پڑیں گے ٗسب سے پہلے لاہور کے گور نر ہاؤس کی دیواریں گراکر پارک بنائینگے ٗعمران خان نہ کبھی جھکا ہے اور نہ ہی اپنی قوم کو جھکنے دے گا ٗ کے پی کے میں جیسا نظام چاہتا ہوں ویسا ابھی نہیں ہوا ۔

اتوار کوتحریک انصاف کے یوم تشکر کے موقع پر جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہاکہ میں آج آپ سب کا دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں ٗ48گھنٹے کے نوٹس پر سب آئے ہیں ٗمجھے سب سے زیادہ خوشی ہے کہ میں اپنے سامنے ایک زندہ قوم دیکھ رہا ہوں ٗ قوم پاکستان کے مسئلے مسائل سمجھ بیٹھی ہیں ٗ یہاں آنے والی خواتین کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں ٗ ہماری خواتین بھی پاکستان کو ایک عظیم قوم بنانے کیلئے پوری طرح شرکت کررہی ہیں ۔میرے سامنے وہ خواتین ہیں جو جانتی ہیں ان کے حقوق کیا ہیں ٗدھرنے میں ہماری خواتین نے شرکت کی ۔میری والدہ شوکت خانم کو سیاسی شعور تھا ٗ ان کے دل میں پاکستان کا درد تھا ٗ مجھے میری ماں نے بچن میں کہا حق کیلئے کھڑے ہوں ٗ تم نے ظالم کے سامنے کھڑے ہونا ہے ۔ساری قوم کی طرف سے پانچ سپریم کورٹ کے ججز کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں اور ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں ٗ جے آئی ٹی کے ارکان کے سیلوٹ کرتا ہوں ٗ مجھے پتہ ہے آپ کے اوپر کتنا پریشرتھا ٗ یہ مافیا ہے ٗ مافیا یا خریدنے کی کوشش کرتا ہے یا پھر انتقامی کارروائی کی کوشش کرتا ہے ٗ ان کو اس مافیا نے کتنے پیسے کی آفر دی ہونگی ٗ اگر میرے جیسے آدمی کو اربوں روپے کی پیشکش کر سکتے ہیں تو ان کے اوپر کتنا دباؤ ڈالا ہوگا ٗ سپریم کورٹ کے ججز کی جتنی تعریف کروں کم ہے ٗ اسی پریڈ گراؤنڈ میں آپ کو دو نومبر کوبلایا ٗہم نے فیصلہ کیا کہ ہم سپریم کورٹ جائینگے اورسڑکوں پر نہیں آئیں گے یہ فیصلہ اس لئے کیا کہ یکم نومبر کو سپریم کورٹ کے ججز نے کہا آپ عدالت میں آ کر مسئلے کو حل کریں اور سڑکوں پر نہ جائیں جب میں نے عدالت آنے کا فیصلہ کیا تو مایوسی تھی ٗ کارکنوں میں مایوسی تھی ٗ نوجوانوں میں مایوسی تھی ٗ صحافیوں میں مایوسی تھی ٗ لوگوں نے کہا عمران خان اتنا بڑا موقع تھا ٗ سڑکوں پر آنا تھا کیونکہ پاکستان کی عدالتوں میں انصاف نہیں ملتا ٗ ہماری تاریخ ہے عدالت طاقتور کے خلاف فیصلہ نہیں کر تی ٗ ہماری عدالتوں کی تاریخ تھی کہ وہ کمزور کے خلاف فیصلہ کرتی تھی ٗ ہماری کئی تجزیہ نگار نے کہا کہ اتنا سنہری موقع تھا آپ عدالت میں چلے گئے ہیں انصاف نہیں ملے گا ٗ پیپلز پارٹی نے کہا تھا بہت بڑی غلطی تھی ٗ ہمارے سیاسی کزن طاہر القادری نے کہا بڑی غلطی کر دی ہے ٗآج پاکستان کے سپریم کورٹ کو پوری قوم کی طرف خراج تحسین پیش کرتا ہوں کہ آپ نے پاکستانیوں کو امید دی ہے ٗآپ نے وہ کر دیا ہے جو میں نئے پاکستان کا خواب دیکھتا تھا ٗ آپ نے نئے پاکستان کی بنیاد رکھ دی ہے ٗ نیا پاکستان میٹرو ٗ سڑکوں سے نہیں بننا تھا ٗ نئے پاکستان کی بنیاد عدل اور انصاف پر رکھی جانی تھی ۔ عمران خان نے نوجوانوں کومخاطب کرتے ہوئے کہاکہ آپ میں اللہ تعالیٰ نے صلاحیت پیدا کی ہے ٗآپ عمران خان سے بڑے انسان بن سکتے ہوں ٗ اللہ تعالیٰ نے آپ کو طاقت دی ہے اس کو ڈھونڈیں ۔انہوں نے کہاکہ لوگ کہتے ہیں 21سال سے جدو جہد میں لگے ہوئے ہیں کیا آپ تھکے نہیں ٗایمان چھوٹے سے انسان کو بڑا انسان بنا دیتا ہے ٗ آپ کو اللہ تعالیٰ کے نبی ؐ کی زندگی پر چلنا پڑیگا ٗ اللہ کے نبی ؐ نے ہار نہیں مانی ٗانہوں نے کوشش کی ٗ جدو جہد کی ٗ کامیابی اللہ تعالیٰ نے دی ۔انہوں نے کہاکہ آپ جو چاہیں کر سکتے ہیں ٗ صرف اللہ تعالیٰ پر ایمان رکھیں ٗہار کبھی نہ ماننا ٗ اللہ تعالیٰ برا وقت آپ کو سکھانے کیلئے دیتا ہے ٗمشکل وقت جب آتا ہے انسان بڑا بن جاتا ہے ٗ مجھے ایک نیا پاکستان نظر آرہاہے ٗ جس طرح کے ہمارے نو جوان تیار ہورہے ہیں ٗعوام میں شعور آگیا ہے ٗ ابھی میچ ختم نہیں ہوا ٗ لیکن انشاء اللہ آپ کو ابھی خوشخبری دے رہا ہوں کہ آپ نئے پاکستان کا میچ جیت گئے ہیں ۔

عمران خان نے کہاکہ میرے نئے پاکستان میں ہم ایسی اصلاحات لیکر آئیں گے ہمیں زکواۃ دینے کو لوگ پاکستان میں نہیں ملیں گے ٗزکواۃ دینے کیلئے باہر کے ممالک میں غریبوں کو زکواۃ دینگے اور یہاں غریب نہیں ملیں گے ٗہم غریب ملکوں کی خدمت کریں گے ہم ایسا پاکستا ن چاہتے ہیں جہاں ہم یہاں سے سوشل ورکر اور ڈاکٹرز کی ٹیمیں بھیجیں اور غریب ممالک میں جاکر خدمت کریں ٗیہاں سرکاری سکولوں میں اچھی تعلیم اور مفت تعلیم دینگے ۔مجھے خوشی ہے کہ کے پی کے کی حکومت نے تعلیم میں اصلاحات کی ہیں ٗ ڈیڑھ لاکھ بچہ پرائیویٹ سکولوں سے سرکاری سکولوں میں آیا ٗ سرکاری ہسپتالوں میں بہترین علاج ہو رہا ہے کے پی کے نے ہیلتھ کارڈ نکالا ہے ٗ ساٹھ فیصد لوگ مفت علاج کرواتے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ ہم وہ انصاف چاہتے ہیں جو مدینہ کی ریاست میں ہمارے نبی ؐ نے قائم کیا ٗ سب کیلئے ایک قانون تھا۔ عدلیہ کے فیصلے جتنی خوشی بیرون ممالک پاکستانیوں کو ہوئی ہے اتنی شاید آپ کو نہ ہوئی ہو ٗ وہ ترستے تھے کہ ایک دن آئے جب طاقتور کو قانون کے نیچے لایا جائیگا ٗ انہوں نے کہاکہ یہ جے آئی ٹی کے سامنے پیشی کے بعد باہر آ کر کہتے ہیں کہ ہمارے سوالوں کا جواب نہیں دیا ٗ سپریم کورٹ کے ججز نے امید دی ہے ٗ احتساب وزیر اعظم اور وزراء سے شروع ہوگا اور پھر نیچے جائیگا ہمارے پاکستان میں نیب کسی کو نہیں چھوڑے گی ٗ لوگ کہتے ہیں کہ آپ ہر قسم کے لوگ پارٹی میں لے رہے ہیں ۔عمران خان سب کے سامنے دعویٰ کر تاہوں کہ انشاء اللہ تحریک انصاف کی باری آئیگی ہمارے دور کی نیب انتظار نہیں کریگی کہ وہ وزیر اعظم سے پوچھے بغیر طاقتور کو پکڑیگی ہماری پارٹی میں جو آنا چاہے آ سکتا ہے ٗجو بھی کرپشن کریگا میں ذمہ داری لیتا ہوں اس کو پکڑیں گے ٗ ہمارے نیب ٗ ایف آئی اے اور ایف بی آر آزاد ہونگے ٗ کسی کی ٹیکس چوری اور کرپشن کر نے کی جرات نہیں ہوگی انہوں نے کہاکہ انہیں پاکستانیوں سے پیسہ اکٹھا کر کے دکھاؤنگا کسی سے قرضے نہیں لینے پڑیں گے ٗپاکستان میں اتنا پیسہ اکٹھا کریں گے ۔پیسہ تب اکٹھے ہونگے جب ایک مضبوط ایف بی آر بنے گی ٗ جو بڑے بڑے مگر مچھ ٹیکس نہیں دیتے ان سے ٹیکس وصول کرینگے ٗ عوام کے ٹیکس کے پیسے کی قدر کرینگے جس ملک میں آدھی آبادی غربت کی لکیر سے نیچے ہو تو کیسے گور نر ہاؤس کا خرچہ اٹھا سکتے ہیں ٗ رائیونڈ میں حکمرانوں کی سکیورٹی پر کروڑوں ر وپے خرچ ہورہے ہیں ٗ سب سے پہلے گور نر ہاؤس لاہور کی دیواریں گر یں گی اس کو پبلک پارک بنایا جائیگا ابھی سوچ رہے ہیں شاید لائبریری بنادیں ٗ پشاور کے گور نر ہاؤس کو پارک بنائینگے ٗ کراچی کے گور نر ہاؤس کو بھی دیکھ رہے ہیں انہوں نے کہاکہ نتھیا گلی اور مری کے گور نر ہاؤس کو ہوٹل بنائینگے ان سے جو پیسہ بنے گا وہ عوام پرخرچ کرینگے ٗ ٹیکس کلچر بنائینگے ٗعوام کا ٹیکس عوام پر خرچ کرینگے یہی پاکستان اپنے پاؤں پر کھڑا ہوگا کبھی پاکستان کو جھکنے نہیں دونگا ۔انہوں نے کہاکہ عمران خان نہ آج تک کسی کے سامنے جھکا ہے اور نہ ہی کسی کو قوم کے سامنے جھکنے دونگا ۔

انہوں نے کہاکہ میرا وعدہ ہے کہ اس ملک میں بے روز گاری کا خاتمہ کرونگا ٗ گورننس سسٹم ٹھیک کر ینگے ٗ ادارے ٹھیک کر ینگے ٗ کرپشن پر قابو پائیں گے ٗ ملک میں سرمایہ کاری آئیگی ٗ کے پی کے میں تھوڑا نظام ٹھیک ہوا ہے جیسا میں چاہتا ہوں ویسا ابھی نہیں ہوا ٗ پولیس ٹھیک ہوئی ہے ٗ کرپشن نیچے گئی ہے ٗ کے پی کے میں سرمایہ کاری آرہی ہے ٗ سیمنٹ پلانٹ لگ رہے ہیں ٗ پرائیویٹ سیکٹر آرہے ہیں ٗ باہر لوگ پیسہ لگا رہے ہیں بیرون ملک پاکستانیوں کے پاس اربوں ڈالرہیں ٗکسی کے سامنے جھکنے کی ضرورت نہیں ٗ جب نیا نظام لائیں گے ٗ کرپشن ٹھیک کرینگے تو وہ پاکستان آئیں گے ٗ میرٹ کا سسٹم لیکر آئیں گے ۔انہوں نے کہاکہ کلاس فور کی نوکریاں بھی میرٹ پر لیکر آئیں گے ٗجو بھی نوکری ہو میرٹ سسٹم پر ہونی چاہیے ٗجمہوریت بادشاہت کو پیچھے چھوڑ گئی ہے ۔وعدہ کر تا ہوں کرکٹ میں میرٹ لائینگے اور کوئی بھی پاکستانی ٹیم کو شکست نہیں دے سکے گا ۔انہوں نے کہاکہ نواز شریف گیا تو کیا ن لیگ کو شہباز شریف کے علاوہ کوئی نہیں ملا ٗ (ن)لیگ کے ساتھ بہت بری ہوئی ہے ٗ آپ کی پارٹی میں جمہوریت ہوتی توجس دن پاناما کیس ہوا تھا اسی دن نواز شریف کو چلے جانا چاہیے تھا کسی اور کو آگے آنا چاہیے تھا (ن)لیگ کے اندر جمہوریت نہیں ہے ٗ فیملی پارٹی ہے ٗ نواز شریف کی بیٹی ڈپٹی وزیر اعظم بنی رہیں ٗ شہباز شریف وزیر اعلیٰ پنجاب ہیں اور ان کا بیٹا ڈپٹی وزیر اعلیٰ بن کے بیٹھے ہیں یہ جمہوریت نہیں بادشاہت ہے ۔جمہوریت میں جو لیڈر آتا ہے وہ میرٹ پر آتا ہے ٗ (ن)لیگ بات جمہوریت کی کرتی ہے ایک خاندان حکومت کررہا ہے۔انہوں نے کہاکہ شریف خاندان نے مسلم لیگ (ن)والوں کو تڑپایا ہے ٗ ہم پارٹی کا الیکشن کرینگے ٗ میری پارٹی میں عمران خان کا کوئی رشتہ دار نہیں آئیگا ٗمراد سعید جیسے نو جوان میرٹ پر آئے ہیں ٗ تحریک انصاف میرٹ والی پارٹی بنے گی ٗ ابھی میرے اوپر عدالت میں کیس ہے ٗ میری ایک بات جھوٹ نکلی خود ہی پارٹی سے استعفیٰ دے دونگا ٗ تحریک انصاف میں میرٹ لیکر آئینگے انہوں نے کہاکہ شاہد خاقان عباسی اور شہباز شریف کو کہتا ہوں ہم آپ کے پیچھے آرہے ہیں اور مقابلہ کر نے کیلئے تیار ہو جائیں ٗ آصف علی زر داری اب تمہاری باری ہے ٗ ہماری جنگ شریف خاندان کے خلاف نہیں تھی ہم کرپشن کے خلاف نکلیں گے ٗ پختون خوا کے اندر نواز شریف کے ساتھی مولانا فضل الرحمن کے پیچھے بھی آئیں گے ۔انہوں نے کہاکہ 21سال میں کچھ لوگ تھک گئے اور گھر بیٹھ گئے ہیں میں سب کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں ٗ سوشل میڈیا نیا ہتھیار نکلا ہے ٗ سوشل میڈیا کا شکریہ ادا کرتا ہوں ٗ حق اور سچ پر کھڑے رہنے والے صحافیوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں ۔انہوں نے کہاکہ ڈاکٹر یاسمین راشد شہباز شریف کا مقابلہ کرینگی اور یہ تمہیں شکست دے گی ۔عمران خان نے کہاکہ 21سال اپنے ملک کیلئے کوشش کی اور اللہ تعالیٰ نے مجھے بہت عزت دی ٗ مافیا نے میرے والد پر الزامات لگائے مجھے دکھ ہوا ٗ مجھے اس سے زیادہ تکلف اس وقت ہوئی جب شوکت خانم ہسپتال پر کرپشن کے الزامات لگائے شوکت خانم کو پاکستانی قوم نے بنایا اور یہی پاکستانی قوم ہسپتال چلا رہی ہے ٗکینسر ہسپتال میں مفت علاج ہوتا ہے ٗ آپ حکومت میں ہیں ہسپتال میں کوئی غلط کام ہورہاہے تو پکڑ کر ملزموں کو پھانسی لگائیں۔

انہوں نے کہاکہ 21سال کی عمر میں میرے ساتھ جمائما کی شادی ہوئی ٗ وہ بڑے گھرانے کی لڑکی تھی وہ مسلمان ہو کر پاکستان آئی اور برطانیہ کے میڈیا نے اسے برا بھلا کہا۔انہوں نے جمائماکیخلاف مہم چلائی کہ یہ یہودی لابی ہے ۔انہوں نے ٹائیلوں کی سمگلنگ کا کیس بنایا اور ایف آئی آر درج کر دی وہ بے چاری نوماہ پاکستان سے باہر رہی ٗجب جمائما گئیں میرے بچے چلے گئے جب نواز شریف گیا تو جمائما نے دو ٹوئٹ کیں وہ ابھی تک نہیں بھولیں یہ مافیا اپنی چوری بچانے کیلئے ملک کا سودا کریں گے ٗ سارا کشمیر آزادی مانگ رہا ہے ٗ آزاد کشمیر کا وزیر اعظم نواز شریف کی کرپشن بچارہا ہے آزاد کشمیر کے وزیر اعظم کیخلاف بیان دینے پر کشمیریوں کو مظاہرے کر نے چاہئیں ٗ آزاد کشمیر کے وزیر اعظم کونواز شریف کی کرپشن بچانے کیلئے شرم آنی چاہیے انہوں نے پاکستانی عوام کو کہاکہ مظلوم چہروں پر ترس نہ کھانا ٗ انہوں نے مظلوم چہرے دکھا کر ملک کو لوٹا ہے ٗ ایک ہزار ارب روپے ملک سے چوری ہو کر باہر جاتا ہے ٗ شوکت خانم چار ارب روپے میں بنا ہے ۔آصف علی زر داری شہباز شریف ٗ نواز شریف ٗ اسحاق ڈار او رسعید احمد منی لانڈرنگ کرتے ہیں ٗ یہ ملک لوٹا جارہاہے ٗ یہاں کا پیسہ چوری ہو کر باہر جارہاہے یہ ملک کو مقروض کررہے ہیں انہوں نے کہاکہ کرپشن کے خلاف جنگ ابھی جیتی نہیں ہے وہ انشا ء اللہ جیتیں گے