پاکستان مقبوضہ کشمیر کی آئینی حیثیت تبدیل کرنے کے حوالہ سے بھارت کی مکروہ کاغذی کارروائی کو مسترد کرتا ہے،

 
0
265

اسلام آباد اگست 06 (ٹی این ایس): وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ پاکستان مقبوضہ کشمیر کی آئینی حیثیت تبدیل کرنے کے حوالہ سے بھارت کی مکروہ کاغذی کارروائی کو مسترد کرتا ہے، مودی سرکاری نے مقبوضہ وادی کی حیثیت تبدیل کرکے کشمیریوں کے حقوق پر ڈاکہ ڈالا، پاکستان کسی صورت کشمیری بہن بھائیوں کا ساتھ نہیں چھوڑے گا، پاکستانی حکومت اور عوام کشمیری عوام کی آزادی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے، دنیا کی کوئی طاقت کشمیر اور پاکستان کو جدا نہیں کر سکتی، بھارت خطہ میں امن کے درپے ہے، خطہ کا کوئی بھی ملک بھارتی جارحانہ اقدام کی حمایت نہیں کرتا۔
انہوں نے یہ بات ممتاز حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ معاون خصوصی مشعال ملک سے اظہار یکجہتی کیلئے ان کے گھر گئیں۔ معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وہ مقبوضہ وادی کے شہداء کو سلام پیش کرتی ہیں، کشمیر کی بہو، بیٹیاں تحریک جدوجہد آزادی میں عظیم قربانیاں دے رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان اور پاکستان کا ہر شہری کشمیری بہن بھائیوں کے ساتھ کھڑا ہے۔
انہوں نے کشمیریوں کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کسی صورت کشمیری بہن بھائیوں کا ساتھ نہیں چھوڑے گا، پاکستانی حکومت اور عوام کشمیری عوام کی آزادی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ یاسین ملک اور دیگر کشمیری حیرت پسندوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مشعال ملک نے کہا کہ وہ وزیراعظم عمران خان کا کشیری عوام کا مقدمہ لڑنے پر مشکور ہیں، وزیراعظم کے کامیاب دورہ امریکہ سے کشمیری عوام میں امید کی کرن جاگی۔
انہوں نے کہا کہ بھارت نے کشمیری قیادت کو گرفتار کرکے مقبوضہ وادی کو یرغمال بنا رکھا ہے، میرے شوہر یاسین ملک کو تہاڑ جیل میں موت کی کوٹھڑی میں رکھا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مظلوم کشمیری عوام کی آواز پاکستان ہے، بھارت کو مقبوضہ وادی کے علاقہ سے غرض ہے۔ مشعال ملک نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کو فوری طور پر سلامتی کونسل میں اٹھایا جانا چاہئے۔