چین نے سہہ ملکی وزرائے خارجہ کے اجلاس میں پاکستان کی حمایت کر دی، چین کی حمایت نے بھارت کے تمام حربوں کو ناکام بناتے ہوئے پاکستان کو امن پسند ملک قرار دے دیا

 
0
493

اسلام آباد فروری 27 (ٹی این ایس): چین نے پاکستان کے بہترین دوست ہونے کا ثبوت پیش کر دیا۔ تفصیلات کےمطابق چین نے سہہ ملکی وزرائے خارجہ کے اجلاس میں بھارت کے پاکستان کو بدنام کرنے کے تمام حربوں کو ناکام کرتے ہوئے پاکستان کی حمایت کردی۔ چین نے تمام تر بھارتی حربوں کے باوجود پاکستان کی حمایت کرتے ہوئے پاک وطن کو امن پسند ملک قرار دے دیا۔ چینی وزیر خارجہ وانگ ای نے روس، چین اور بھارت کے وزرائے خارجہ کے اجلاس کی میزبانی کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ دہشت گردی کی مخالفت کی ، پاکستان خود دہشت گردی کا شکار ملک رہا ہے۔چینی وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ پاکستان اور بھارت کی جانب سے تحمل کا مظاہرہ کرنے اور صورت حال کو مزید کشیدہ ہونے سے روکنے کی یقین دہانیوں کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ چین خطے میں امن و سلامتی کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔ دوسری جانب چینی دفتر خارجہ کے ترجمان لُو کنگ نے پریس بریفنگ میں پاک بھارت کشیدگی سے متعلق سوال کا جواب دیتے ہوئے کشیدہ صورت حال پر اظہار تشویش کیا اور فریقین کی جانب سے تحمل کے مظاہرے اور مذاکرات کی اُمید ظاہر کی ۔ترجمان لُو کنگ نے جنوبی ایشیا میں پائیدار امن و استحکام کے لیے کوششوں پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک جنوبی ایشیا کے اہم ممالک ہیں اور آپس میں برادرانہ و دوستانہ تعلقات قائم کرسکتے ہیں۔ واضح رہے کہ بھارت کے تمام تر حربوں کے باوجود عالمی برادری دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی حمایتی ہے اور اس بات پر قائل ہو چکی ہے کہ پاکستان نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں بے شمار قربانیاں دیں۔اسی لیے بھارت پاکستان کو بدنام کرنے کی کتنی بھی کوشش کر لے ، بھارت کی تمام کوششیں ناکام ہو جاتی ہیں۔ یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ بھارت نے منگل کی صبح پاکستان کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی تھی جس پر کئی ممالک نے تشویش کا اظہار کیا تھا جبکہ اپنے دعوے کو ثابت کرنے کے لیے بھارت کوئی بھی ثبوت پیش کرنے میں ناکام رہا جو عالمی سطح پر بھارت کی جگ ہنسائی کا باعث بنا۔