سی ڈی اے نے سیکٹر E-12/4 کے ترقیاتی کاموں کے لئے ٹینڈرز جاری کردئیے۔

 
0
101

اسلام آباد 11 جنوری 2022 (ٹی این ایس): وفاقی ترقیاتی ادارے (کپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی) کی انتظامیہ سیکٹر E-12/4 میں ترقیاتی کام شروع کرنے کے لئے پر عزم ہے۔ سی ڈی اے کے انجینئرنگ اینڈ ڈیزائن ونگ نے سیکٹر E-12/4 کے ڈیزائن اور تخمینے کو حتمی شکل دے دی ہے۔ مذکورہ سیکٹر کے ترقیاتی کاموں کے لئے ٹینڈرز اخبارات میں شائع کردئیے جائیں گے۔ سیکٹر E-12/4 کے ترقیاتی کاموں کے لئے 406 ملین روپے کا بجٹ مختص کیا گیا ہے۔ جبکہ ان ترقیاتی کاموں میں ڈرینج سسٹم، واٹر سپلائی، سیورج نیٹ ورک، مرکزی شاہراہوں سمیت دیگر رابطہ سڑکوں کی تعمیر، سٹریٹ لائٹس کی تنصیب سمیت دیگر ترقیاتی کام شامل ہیں۔

واضح رہے کہ سی ڈی اے انتظامیہ نے گزشتہ دنوں مزکورہ سیکٹر کے الاٹیوں کے ساتھ ایک میٹنگ کی تھی۔ جس کے دوران اس بات کا فیصلہ کیا گیا تھا کہ جنوری کے مہینے میں اس سیکٹر ترقیاتی کاموں کے لئے ٹینڈرز اخبارات میں شائع جاری کردئیے جائیں گے۔

سیکٹرE-12 میں ترقیاتی کاموں کے آغاز اور تکمیل سے سیکٹر کے الاٹیوں کو پلاٹوں کا قبضہ دیا جا سکے گا جو اسلام آباد میں گھر بنانے کے لئے برسوں سے انتظار کررہے ہیں۔ ان سیکٹرز میں گزشتہ کئی دہائیوں سے ترقیاتی کام تعطل کا شکار تھے جو موجودہ انتظامیہ کی شب و روز کاوشوں سے اب شروع ہو رہے ہیں۔