سی ڈی اے کا اسلام آباد ایکسپریس وے، سروس روڈ ویسٹ پر تجاوزات اور غیر قانونی تعمیرات کے خلاف آپریشن، تجاوزات کنندگان کا 3 ٹرک سامان ضبط

 
0
117

اسلام آباد 11 جنوری 2022 (ٹی این ایس): وفاقی ترقیاتی ادارے (کپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی) کی انتظامیہ کی ہدایت پر شعبہ انفورسمنٹ نے منگل کے روز اسلام آباد ایکسپریس وے، سروس روڈ ویسٹ سے ملحقہ گرین بیلٹ پر ضلعی انتظامیہ اور اسلام آباد پولیس کی معاونت سے تجاوزات اور غیر قانونی تعمیرات کے خاتمے کے لئے متعدد کارروائیاں کیں جسمیں متعدد غیر قانونی تعمیرات اور تجاوزات بھاری مشینری کی مدد سے مسمار کردی گئیں اور تجاوزات کنندگان کا 3 ٹرک سامان بھی ضبط کرلیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ایکسپریس وے، سروس روڈ ویسٹ پر شعبہ انفورسمنٹ نے غیر قانونی تعمیرات اور تجاوزات کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے 30 غیر قانونی کباڑ خانے، 5 ریت بجری کے اڈے اور درجنوں مختلف نوعیت کے چھوٹے بڑے سٹالز بھاری مشینری کی مدد سے مسمار کرتے ہوئے سرکاری اراضی پر قبضے کی کوشش کو ناکام بنادیا اور سرکاری اراضی واگزار کرالی۔ ان تجاوزات سے ٹریفک کی روانی میں خلل پیدا ہورہا تھا آپریشن کے بعد ان راہدریوں کو ٹریفک کے لئے کھول دیا گیا۔

اس موقع پر سی ڈی اے انتظامیہ کا کہنا تھا کہ سرکاری اراضی کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے اور قبضہ مافیا سے کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی اور ان اقدامات کا مقصد اسلام آباد کو غیرقانونی تعمیرات اور تجاوزات سے پاک رکھنا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ کئی ماہ سے وفاقی دارالحکومت میں سی ڈی اے تجاوزات اور غیر قانونی تعمیرات کے خلاف مسلسل آپریشن کرنے میں مصروف ہے جس سے اربوں روپے کی سرکاری اراضی واگزار کرائی جاچکی ہے۔