صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے جنوبی کوریا اور الجزائر کے لئے پاکستان کے نامزد سفراءکی ملاقات

 
0
1078

اسلام آباد 13 جنوری 2022 (ٹی این ایس): صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پاکستان اور جنوبی کوریا کے درمیان تجارت بڑھانے کے لیے فعال اقدامات کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کوریا کے ساتھ اپنے تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور وہ دونوں ملکوں کے درمیان سیاسی، معاشی، عوامی اور ثقافتی تعلقات بڑھانے کا خواہاں ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جنوبی کوریا کے لئے پاکستان کے نامزد سفیر نبیل منیر سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے جمعرات کو ایوان صدر میں ان سے ملاقات کی۔

ایوانِ صدر کے پریس ونگ کے مطابق صدر مملکت نے کہا کہ دونوں ممالک کے مابین تجارتی حجم بڑھانے کیلئے عملی اقدامات کی ضرورت ہے، کاروبار اور سرمایہ کار دوست ماحول کی وجہ سے پاکستان سرمایہ کاری کیلئے پرکشش مقام ہے۔ ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ نامزد سفیر کورین سرمایہ کاروں کو خصوصی اقتصادی زونز اور سی پیک میں سرمایہ کاری کیلئے راغب کریں، کوریا اور پاکستان میں مذہبی سیاحت کے فروغ کے وسیع امکانات موجود ہیں۔

صدر مملکت نے کہا کہ کوریا کے سیاحوں کو پاکستان میں بدھ مت کے تاریخی مذہبی مقامات کا دورہ کرنے کی ترغیب دینا ہوگی۔ انہوں نے کوریا کے ایگزم بینک کی جانب سے اسلام آباد میں آئی ٹی پارک کیلئے 88 ملین ڈالر دینے اور کراچی میں سام سنگ کے موبائل فونز مینوفیکچرنگ یونٹ شروع کرنے کو بھی سراہا۔ صدر مملکت نے دونوں ممالک کے مابین پارلیمانی دوستی گروپ کے تبادلوں کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

بعد ازاں الجزائرمیں پاکستان کے نامزد سفیر ڈاکٹر محمد طارق نے بھی صدر مملکت سے ملاقات کی۔ صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ پاکستان اور الجزائر کے مابین مشترکہ مذہب اور ثقافتی اقدار پر مبنی دوستانہ تعلقات ہیں، آئی ٹی کے شعبے میں الجزائرکے ساتھ تعلقات بڑھانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ نامزد سفیر الجزائرکے ساتھ پارلیمانی اور ایوانِ صنعت و تجارت کے وفود کے تبادلوں کے فروغ کیلئے کام کریں۔ صدر مملکت نے اس موقع پر پاکستان اور الجزائرکے مابین مشترکہ کاروباری کونسل قائم کرنے کی تجویز بھی دی۔