حکومت اور اتحادی ایک پیج پر ہیں،اپوذیشن کی طرف سے بے یقینی پیدا کرنے کی کوشش کی جاتی رہی ہے،وفاقی وزیر ہوابازی

 
0
134

اسلام آباد 15 جنوری 2022 (ٹی این ایس): وفاقی وزیر ہوابازی غلام سرور خان نے کہا ہے کہ حکومت اور اتحادی ایک پیج پر ہیں،اپوذیشن کی طرف سے بے یقینی پیدا کرنے کی کوشش کی جاتی رہی ہے جس کا نقصان ملک کو ہوگا۔

راولپنڈی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیاوفاقی وزیر نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے بے یقینی پیدا کرنے کی کوشش کی جاتی رہی اور بے یقینی کسی بھی معاشرے کے لئے زہرقاتل ثابت ہوتی ہے بے یقینی کا نقصان حکومت کو نہیں ملک کوہوگا۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن میں جرٔات نہیں کہ وزیراعظم کے خلاف عدم اعتماد لاسکیں اورڈیل کے معاملے پر صرف پروپیگنڈہ کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت اور اتحادی ایک پیج پر ہیں مگر حزب اختلاف کی جانب سے بڑا واویلا کیا گیا کہ حکومتی صٖفوں میں اتحاد نہیں مگر اپوذیشن بھی ایک پیج پر نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ میڈیا کے ذریعے خبریں پھیلائی جاتی رہیں کہ کوئی طوفان آنے والا ہے،میڈیا کو اپوذیشن کے نعروں پر توجہ نہیں دینی چاہیے۔

غلام سرور خان نے کہا کہ سینیٹ میں اکثریت کے باوجود عدم اعتماد پراپوذیشن کو منہ کی کھانی پڑی اور اپوذیشن ہمارا کچھ نہیں بگاڑ سکتی۔انہوں نے کہا کہ میاں نواز شریف واپس آئیں گے تو سیدھا جیل جائیں گےنوازشریف کی واپسی کے لئے عدالت جائیں گے کیونکہ نواز شریف جعلی میڈیکل رپورٹ کے ذریعے4ہفتوں کے لئے ملک سے باہر گئے تھے اور انہیں واپس لا کر جیل میں بند کیا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس بار بھی حکومت کو کامیابی ہوگی اور اپوزیشن کو ذلت کا سامنا کرنا پڑے گا۔