تحریک انصاف کی حکومت نے تین سال کے دوران نوجوانوں کو 30 ارب روپے کے قرضے فراہم کئے، مسلم لیگ (ن)نے اپنے پانچ سالہ دور میں نوجوانوں کو 26ارب روپے کے قرضے دیئے،عثمان ڈار

 
0
310

اسلام آباد 15 جنوری 2022 (ٹی این ایس): وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت نے تین سال کے دوران نوجوانوں کو تیس ارب روپے کے قرضے فراہم کئے جبکہ مسلم لیگ (ن)نے اپنے پانچ سالہ دور میں نوجوانوں کو 26ارب روپے کے قرضے دیئے،کامیاب جوان پروگرام کے تحت پچاس ارب روپے کے قرضے دیئے جائیں گے جن سے چالیس ہزار نئے کاروبار شروع ہوں گے،

ماضی کی حکومتوں نے نوجوانوں اور کھیلوں کی سرگرمیوں کو نظر انداز کیا،پاکستان میں پہلی بار ہائی ٹیک سکالرشپس دیئے گئے ہیں،وزیراعظم عمران خان نے سب سے پہلے ماحولیاتی تبدیلی پر بات کی،حکومت نے 2022 کونوجوانوں کاسال ڈکلئیر کیا ہے اور سال 2022میں نوجوانوں کے لئے ملک بھر میں سرگرمیوں کا انعقاد کیا جائے گا،

یونیورسٹیوں میں صحت مندانہ سرگرمیوں کے لئے یوتھ گرین مومنٹ کا آغاز کیا جائے گا،کامیاب جوان پروگرام کے تحت 18سے 45کی عمر کا ہر شہری قرضہ کے لئے اپلائی کرسکتا ہے۔

انہوں نے ہفتہ کو اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ مجھے اس بات کی خوشی ہے کہ سال 2021 سے کامیاب جوان پروگرام کے جو منصوبے شروع کئے ان کے تمام اہداف حاصل کئے ہیں۔گذشتہ دو سالوں میں کامیاب جوان پروگرام کے تحت اب تک تیس ارب روپے تقسیم کئے گئے اور ستائیس ارب 2021 میں تقسیم ہوئے ۔

سال 2020میں کرونا وبا کی وجہ سے ہر طرف بندش کا سامنا تھا جس وجہ سے کامیاب جوان قرضہ سکیم پہ کام نہیں کیا جا سکا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے نوجوانوں سے وعدہ ہے کہ اس سال پچاس ارب روپے کامیاب جوان پروگرام کے تحت تقسیم کئے جائیں گے جس سے چالیس ہزار نئے کاروبار شروع ہوں گے اور ہمارا ہدف ہے کہ ایک لاکھ نوجوان کو براہ راست کاروبار شروع کرنے کا موقع فراہم کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ ماضی میں بھی بہت سے ایسے پروگرامز شروع کئے گئے مگر پاکستان میں پہلی بارہنرسب کے لئے پروگرام کے تحت ہائی ٹیک سکلزسکالرشپ دیئے گئے ہیں۔عثمان ڈار نے کہا کہ پاکستان کے پڑھے لکھے نوجوانوں کو اکیسویں صدی کے چیلنجز کا سامنا ہے ۔

جن پر قابو پانے کے لئےیہ پروگرامز شروع کئے گئے ہیں اور نوجوان ماہانہ لاکھوں روپے کما رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ تمام نوجوانوں اور ا ن اداروں کا شکر گزار ہوں جنہوں نے سپورٹس کے پروگرام کو بھی کامیاب کروایا۔

انہوں نے کہا کہ گذشتہ کئی دہائیوں سے حکومتوں نے نوجوانوں اور کھیلوں کی سرگرمیوں کے لئے کوئی اقدامات نہیں کئے اور نوجوانوں کے نظر انداز کیا گیا اور مگر اب نوجوان ٹیلنٹ ہنٹ میں بھرپور حصہ لے رہے ہیں،کامیاب جوان مراکز بننا شروع ہوگئے ہیں جن سے بیس لاکھ نوجوان فائدہ اٹھاسکیں گے۔انہوں نے کہا کہ ہمار امقصدسپورٹس کلچر کو فروغ دینا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں عثمان ڈار نے کہا کہ 18 سال سے 45 سال کا ہر فرد قرضہ لے سکتا ہے اور قرضے کے حصول کے لئے صحافی بھی اپلائی کرسکتے ہیں اور تمام قرضے بغیر سفارش اور شفافیت کے ساتھ دیئے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یونیورسٹیوں کے نوجوان تیا رہیں ان کے لئے گرین یوتھ مومنٹ کا آغاز کرنے جا رہے ہیں جوکہ نوجوانوں کے لئے ایک صحت مندانہ سرگرمی ہوگی۔انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں ماحولیاتی تبدیلی کی بات کی جا رہی ہے اور وزیراعظم عمران خان نے ماحولیاتی تبدیلی پر سب سے پہلے بات کی۔

انہوں نے کہا کہ سال 2023 نوجوان کا سال ڈکلئیر کیا گیا ہے اورکامیاب جوان پروگرام کے علاوہ وزارت امور نوجوانان اور متعلقہ اداروں کے ساتھ ملکر رواں سال نوجوانوں کے لئے ملک بھر میں سرگرمیوں کا انعقاد کیا جائے گا اور ہماری کوشش ہے کہ 12اگست کونوجوانوں کے عالمی دن کے موقع پر پاکستان کو کامن ویلتھ کے ایونٹ کی میزبانی مل جائے تاکہ پاکستان کے نوجوانوں کا امیج پوری دنیا کے سامنے رکھ سکیں۔