صدر عارف علوی کا بیجنگ سرمائی اولمپک گیمز کے حوالے سے بیان دونوں ممالک کے درمیان سدابہار تعلقات اور مضبوط بھائی چارے کا غماز ہے، چین

 
0
626

بیجنگ 19 جنوری 2022 (ٹی این ایس): چین نےپاکستان کے صدر ڈاکٹر عارف علوی کی جانب سے بیجنگ سرمائی اولمپک گیمز کے حوالے سے بیان کا خیرمقدم کرتے ہوئےکہا ہے کہ یہ دونوں ممالک کے درمیان سدابہار تعلقات، ہر طرح کے سٹریٹجک تعاون پر مبنی شراکت داری اور مضبوط بھائی چارے کا اظہارہے۔

یہ بات چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان زہائو لیجیان نے نیوز بریفنگ کے دوران چینی میڈیا کے ساتھ پاکستانی صدر ڈاکٹر عارف علوی کے حالیہ انٹرویو سے متعلق اے پی پی کے نمائندہ کےسوال کے جواب میں کہی ۔

چینی ترجمان نےکہا کہ صدر ڈاکٹر عارف علوی نے انٹرویو میں چین پاکستان تعلقات کو بے حد سراہا ہے اور 2022 کے بیجنگ سرمائی اولمپک گیمز کی تیاری کے کام پر نہایت عمدہ اظہارخیال کیا ہے ۔

صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ بیجنگ سرمائی اولپمک گیمز انتہائی کامیاب ہوں گے اور پاکستان کھیلوں کے ان مقابلوںمیں بھرپور جوش جذبے سے حصہ لے گا۔ صدر علوی نے کورونا وائرس کی وبا کے باوجود تقریب کے انعقاد پر چینی قیادت اور عوام کو مبارکباد بھی دی۔

ترجمان چینی وزارت خارجہ نے کہا کہ صدر علوی نے کھیلوں کو سیاست سے جوڑنے کی واضح طور پر مخالفت کی اور پوری دنیا سے سرمائی اولمپک گیمز کے شاندار ایونٹ میں حصہ لینےکی اپیل کی جو ایک بار پھر ہمارے دونوں ممالک کے درمیان سدا بہار تعاون پر مبنی شراکت داری اور آہنی بھائی چارےکا اظہار ہے۔

انہوں نے کہا کہ 2022بیجنگ سرمائی اولمپک گیمز کی تیاریاں حتمی مراحل میں داخل ہو گئی ہیں اور اس ایونٹ کے لیے متعددسیاسی شخصیات، کھلاڑیوں اور زندگی کے تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے بہت سے ممالک کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی تنظیموں سمیت انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی (آئی او سی) نے اپنی حمایت اور توقعات کا اظہار کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ چین اولمپک کے جوش و جذبے کو برقرار رکھنے کے لیے تمام فریقوں کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے مکمل پراعتماد ہے اور دنیا کے سامنے ایک منظم ،محفوظ اور شاندار اولمپک کھیل پیش کرے گا۔