کھلی کچہری شہریوں کے مسائل کے فوری اور میرٹ پر حل کے لئے روزانہ کی بنیادوں پر منعقد کی جارہی ہے جس میں آئی جی اسلام آباد شہریوں کے مسائل سن کر متعلقہ افسران کو ان کے حل کے لئے احکامات جاری کرتے ہیں

 
0
239

اسلام آباد 21 جنوری 2022 (ٹی این ایس): کھلی کچہری شہریوں کے مسائل کے فوری اور میرٹ پر حل کے لئے روزانہ کی بنیادوں پر منعقد کی جارہی ہے جس میں آئی جی اسلام آباد شہریوں کے مسائل سن کر متعلقہ افسران کو ان کے حل کے لئے احکامات جاری کرتے ہیں، آئی جی اسلام آباد کے اس اقدام کو شہریوں میں بھرپور سراہا جارہا ہے ۔
تفصیلات کے مطابق انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد محمد احسن یونس نے شہریوں کے مسائل کے بروقت اور میرٹ پر حل کے لئے جو کھلی کچہری کا سلسلہ شروع کیا تھا وہ کامیابی سے جاری ہے ، آئی جی اسلام آباد پیر سے جمعہ 11بجے سے 02بجے دن تک اپنے دفتر میں کھلی کچہری کا انعقاد کرتے ہیں جس میں شہری اور حاضر سروس و ریٹائرڈ پولیس اہلکار اپنے مسائل پیش کرتے ہیں جن پر آئی جی اسلام آباد متعلقہ افسران کو بذریعہ ٹیلی فون مناسب احکامات جاری کرکے دئیے گئے ٹائم فریم میں رپورٹ ان کے آفس بھیجنے کی ہدایات دیتے ہیں ،جمعہ کے روزبھی متعدد شہریوں نے اپنے مسائل کھلی کچہری میں پیش کئے ، اس موقع پر آئی جی اسلام آباد نے کہا کہ اسلام آباد پولیس نے ضلع بھر میں قانون شکنی کرنے والے افراد کے خلاف ایکشن شروع کر رکھا ہے ، کسی کو بھی شہریوں کے امن میں خلل ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی ، شہریوں کے جان ومال کی حفاظت ہماری اولین ذمہ داری ہے، منشیات فروشی اورزمینوں پر قبضے جیسے مکروہ دھندے میں ملوث عناصر کو ہرصورت قانون کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے گا، شہری بھی اس ناسور کے خاتمہ کے لئے پولیس کا ساتھ دیں ، آئی جی اسلام آباد نے افسران کو بھی ہدایات جاری کیں کہ شہریوں کی جان و مال کی حفاظت ہماری اولین ترجیح ہے، ان کی عزت نفس کا پورا خیال رکھیں، ان کے تمام تر مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کریں، کھلی کچہری میں آنیوالے شہری اور پولیس ملازمین قابلِ عزت ہیں،افسران ان کو سنتے ہوئے انتہائی مثبت رویہ اپنائیں، شہریوں اور پولیس کے درمیان دوستانہ ماحول برقرار رکھنے کے لئے انہیں عزت دی جائے، انھوں نے تمام زونل افسران کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ افسران اس بات کو یقینی بنائیں کے آنے والے سائلین کے مسائل تر جیحی بنیادوں پر میر ٹ پر حل کئے جائیں۔