پاکستان نے 6 ماہ کے عرصے میں سب سے زیادہ آئی ٹی برآمدات کا سنگ میل عبور کرلیا

 
0
142

اسلام آباد 24 جنوری 2022 (ٹی این ایس): سینیٹر فیصل جاوید کا کہنا ہے کہ پاکستان نے 6 ماہ کے عرصے میں سب سے زیادہ آئی ٹی برآمدات کا سنگ میل عبور کرلیا، 6 ماہ میں 1.302 ارب ڈالر کی برآمدات ہوئیں۔

سینیٹر فیصل جاوید نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ پاکستان نے 6 ماہ کے عرصے میں سب سے زیادہ آئی ٹی برآمدات کا سنگ میل عبور کرلیا۔

فیصل جاوید کا کہنا تھا کہ مالی سال 22-21 کے دوران اب تک ہماری آئی ٹی برآمدات 1.302 ارب ڈالر کی ہوئیں۔ 21-2020 کی اسی مدت کے دوران 959 ملین ڈالر کی برآمدات ہوئی تھیں۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال اسی عرصے کے مقابلے میں یہ 36 فیصد کا نمایاں اضافہ ہے، امید ہے کہ ہم اس مالی سال کے دوران 3.5 ارب ڈالر کا ہندسہ عبور کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔

فیصل جاوید کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان کی توجہ اقتصادی ترقی کو تیز کرنے کے لیے برآمدات بڑھانے پر ہے، 2 سال میں آئی ٹی انڈسٹری کو دوگنا کیا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ روزگار پیدا کرنے اور بین الاقوامی سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کے لیے ٹیک زونز قائم کیے جا رہے ہیں، آج ہم دنیا کی تیسری بڑی گیگ اکانومی ہیں۔