ا مریکہ اب بھی ہماری سب سے بڑی برآمدی منڈی اور غیر ملکی ترسیلات کا بڑا ذریعہ ہے ، سفیر ڈاکٹر اسد مجید خان ، امریکن ایسوسی ایشن آف فارن سروسز ورلڈ وائیڈ کاڈیکورکے تعاون سے”امریکہ پاکستان تعلقات” پر گفتگو کا انعقاد

 
0
1138

اسلام آباد 24 جنوری 2022 (ٹی این ایس): امریکہ میں پاکستان کے سفیر ڈاکٹر اسد مجید خان کہا ہے کہ امریکہ اب بھی ہماری سب سے بڑی برآمدی منڈی اور غیر ملکی ترسیلات کا بڑا ذریعہ انہوں نے یہ بات امریکن ایسوسی ایشن آف فارن سروسز ورلڈ وائیڈ ( اے اے ایس ایف ڈبلیو) کیڈیکورکے تعاون سے منعقدہ ”امریکہ پاکستان تعلقات” پر گفتگو کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔بیکن ہاؤس فاؤنڈیشن کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر جان بریڈ شا نےتقریب کی نظامت کی۔

اتوار کو سفارتخانہ پاکستان واشنگٹن ڈی سی کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق جان بریڈشا نے ابتدائی خطاب میں کہا کہ آج کی بحث انتہائی اہم ہے کیونکہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان سفارتی تعلقات کےقیام کا 75واں سال ہے۔اس موقع پر پاکستان کے سفیر ڈاکٹر اسد مجید خان نےتقریب سے خطاب کرتے ہو ئےکہا کہ پاکستان اور امریکہ کے تعلقات کو سکیورٹی کے معاملات کے علاوہ وسیع تناظر میں دیکھا جانا چاہئے، پاکستان کیلئے امریکہ ایک اہم پارٹنر ہے۔

امریکہ اب بھی ہماری سب سے بڑی برآمدی منڈی اور غیر ملکی ترسیلات کا بڑا ذریعہ ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی باصلاحیت نوجوان امریکی تعلیمی اداروں میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں،پاکستانی امریکی کمیونٹی سیاسی طور پر متحرک ہےجو ہمارے دونوں ممالک کے درمیان ایک پل کی حیثیت رکھتی ہے۔پاکستان امریکہ کے ساتھ وسیع البنیاد تعلقات استوار کرنے کا خواہاں ہے اور ہمارے تعلقات تجارت، سرمایہ کاری اور عوام سے عوام کے روابط میں جڑے ہوئے ہیں،

موجودہ حالات میں پاکستان کی توجہ جیو اکنامکس کی جانب ہے اور ہم علاقائی تجارت اور اقتصادی انضمام کو بڑھانے کے لیے کنیکٹیویٹی انفراسٹرکچر کا بھرپورفائدہ اٹھانا چاہتے ہیں، پاکستان ، امریکہ کو اہم اسٹریٹجک پارٹنر کے طور پر دیکھتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان جغرافیائی طور پر انتہائی اہم خطہ ہے اور جنوبی اور وسطی ایشیا کے سنگم پر موجود 220 ملین لوگوں کی تجارتی منڈی ہے،پاکستانی نوجوان انتہائی قابل ہیں ،

پاکستانی حکومت کی توانائی کے شعبے کی پالیسیی ، قابل تجدید توانائی میں مہارت رکھنے والی امریکی کمپنیوں کے لیے زبردست مواقع فراہم کرتی ہے،اقتصادی طور پر مضبوط پاکستان خطے میں استحکام کی ضمانت ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ڈیویلپمنٹ فنانشل کارپوریشن کے ذریعے امریکہ کے ساتھ مل کر پاکستان افغانستان سرحد پر اقتصادی سرگرمیاں بڑھا سکتا ہے۔

اقتصادی سرگرمیوں سے افغانستان میں تعمیر نو میں مدد مل سکتی ہے۔پاکستانی سفیر نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان پاکستان بھارت کے ساتھ اچھے تعلقات کے خواہشمند ہیں لیکن بھارتی وزیراعظم مودی کی قیادت میں بی جے پی حکومت انتہا پسند اور پاکستان مخالف ایجنڈے پر عمل پیرا ہے،

مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ اور سلامتی کونسل کی قراردادوں اورکشمیر ی عوام کی خواہشات کے عین مطابق حل ہونا چاہیے ۔ تقریب کے اختتام پر پاکستان کےسفیر نے سامعین کے سوالات کےجوابات بھی دئیے۔