افغانستان میں انسانی المیہ جنم لے رہا ہے، دنیا افغانستان کو تنہانہ چھوڑے، کورونا وباءکے باعث پوری دنیا کی معیشتیں دباﺅ کا شکار ہیں، میڈیا کے شعبہ میں جاپان کی تکنیکی معاونت کا خیرمقدم کرتے ہیں، چوہدری فواد حسین

 
0
147

اسلام آباد 31 جنوری 2022 (ٹی این ایس): وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ افغانستان میں انسانی المیہ جنم لے رہا ہے، افغانستان کو تنہانہ چھوڑا جائے، کورونا وباکے باعث پوری دنیا کی معیشتیں دبائو کا شکار ہیں، عالمی منڈی میں توانائی اور کموڈیٹی پرائسز میں اضافے کے اثرات پاکستان پر بھی مرتب ہوئے، کورونا وباکے دوران حکومت پاکستان نے غریب عوام کو ریلیف فراہم کیا، پی ٹی وی اور ریڈیو کیلئے جاپان کی تکنیکی معاونت کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ یہ بات انہوں نے پیر کو یہاں ملاقات کیلئے آئے پاکستان میں تعینات جاپان کے سفیر مٹسو ہیرو واڈا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

ملاقات میں افغانستان کی صورتحال، پاکستان ٹیلی ویژن اور ریڈیو پاکستان کے لئے جاپان کی تکنیکی معاونت سمیت میڈیا کے شعبے میں تعاون اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال ہوا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے افغانستان کی صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان میں انسانی المیہ جنم لے رہا ہے، دنیا افغانستان کو تنہانہ چھوڑے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے اشرف غنی کو بھی الیکشن کی بجائے جامع حکومت کا مشورہ دیا تھا لیکن انہوں نے ہماری بات نہ سنی۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان کا امن دنیا کے امن کے لئے ناگزیر ہے، دنیا کو افغانستان میں امن کی کوششوں میں آگے آنا ہوگا۔ کورونا وباکے دوران حکومت پاکستان کی حکمت عملی کا ذکر کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ کورونا وباکے باعث پوری دنیا کی معیشتیں دبائو کا شکار ہیں، حکومت پاکستان نے نہ صرف کورونا وباءکا بہتر حکمت عملی سے مقابلہ کیا بلکہ اپنی معیشت کو بھی مستحکم بنایا۔

انہوں نے کہا کہ آج ملک میں لارج سکیل مینوفیکچرنگ میں 10 فیصد ترقی ہوئی ہے، تعمیرات، ٹیکسٹائل اور زراعت کے شعبے بھی ترقی کی جانب گامزن ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وباء کے دوران حکومت نے غریب عوام کو ریلیف فراہم کیا، صحت اور احساس راشن پروگرام حکومت کے بڑے اقدامات ہیں جو عوام کی فلاح و بہبود کے لئے شروع کئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وباکے باعث عالمی منڈی میں توانائی اور کموڈیٹی پرائسز میں اضافے کے اثرات پاکستان پر بھی مرتب ہوئے، درآمدی اشیاءکی وجہ سے ہمارے کرنٹ اکائونٹ خسارے میں بھی اضافہ ہوا۔

جاپان کی طرف سے پی ٹی وی اور ریڈیو کیلئے تکنیکی تعاون کا خیرمقدم کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ملک میں ٹیکنالوجی سپیکٹرم تبدیل ہو رہا ہے، پی ٹی وی کے دو نیوز چینلز پی ٹی وی نیوز اور پی ٹی وی سپورٹس ایچ ڈی کر دیئے گئے ہیں، پی ٹی وی انگلش اور پی ٹی وی ہوم کو بھی ایچ ڈی کیا جا رہا ہے۔ اس موقع پر جاپان کے سفیر نے کہا کہ جاپان ریڈیو پاکستان اور پی ٹی وی کو تکنیکی معاونت فراہم کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ جاپان معیشت، انفراسٹرکچر اور دیگر شعبوں میں تعاون فراہم کر رہا ہے۔