کل بھارتی مظالم کے خلاف کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کا دن منائیں گے، ترجمان دفتر خارجہ

 
0
255

اسلام آباد 04 فروری 2022 (ٹی این ایس): ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار نے کہا ہے کہ کل بھارتی مظالم کے خلاف کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کا دن منائیں گے۔ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار نے اسلام آباد میں ہفتہ وار بریفنگ میں کہا کہ وزیر اعظم عمران خان چین کے دور ے پر ہیں اور وزیراعظم کی چینی اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں ہو رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کا دورہ چین اہمیت کا حامل ہے، پاکستان اور چین کے درمیان بہترین تعلقات پائے جاتے ہیں اور دورہ چین کے دوران مختلف شعبوں میں تعاون کے ایم اویوز اور معاہدوں پر دستخط ہوں گے۔

عاصم افتخار نے کہا کہ پاکستان مقبوضہ کشمیر میں بھارتی قابض فورسز کی ظلم و بربریت کی مذمت کرتا ہے اور کل بھارتی مظالم کے خلاف کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کا دن منائیں گے۔ عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے۔

انہوں نے کہا کہ جنوری سے ابتک مزید 24 کشمیریوں کو شہید کیا جا چکا ہے، عالمی برادری کشمیر سے بھارتی فوج کا محاصرہ چھڑائے۔

ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار نے کہا کہ وزیر خارجہ نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کو خط لکھا ہے اور کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں پر عالمی برادری کا ردعمل آیا ہے۔