بھارت مسلم اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کرنے کی کوشش میں ہے،ہندو توا کی سوچ رکھنے والی جماعت کو وزیر اعظم عمران خان نے بے نقاب کیا، فرخ حبیب

 
0
897

اسلام آباد 05 فروری 2022 (ٹی این ایس): وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ بھارت کی کوشش ہے کہ مسلم اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کردیا جائے،ہندو توا کی سوچ رکھنے والی جماعت کو وزیر اعظم عمران خان نے بے نقاب کیا،پانچ اگست کے یکطرفہ بھارتی اقدام کے بعد مودی سرکار نے موقع فراہم کردیا کہ مسئلہ کشمیر دنیا میں ابھر کر سامنے آگیا ،

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کے روز لاہور پریس کلب میں کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے حوالے سے سمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا کہ کشمیری ماؤں کو سلام ہے جنہوں نے اپنے بیٹے قربان کیے ،

پاکستان او آئی سی اور ہر فورم میں کشمیریوں کے مسائل اجاگر گرے گا ، جو ملک کشمیریوں پر ظلم پر آواز نہیں اٹھائے گا تاریخ اس کو مودی کے ساتھ تصور کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر پر پاکستان کے اندر اور باہر بسنے والوں اور سفارتخانوں کو سمت کا تعین کرکے آگے لیکر چلنے کی ضرورت ہے ۔

انہوں نے کہا کہ پانچ اگست کے یکطرفہ بھارتی اقدام کے بعد مسئلہ کشمیر دنیا میں ابھر کر سامنے آگیا ،عالمی میڈیا نے دنیا بھر میں بھارتی یکطرفہ اقدام کی نشاندہی کی ،کشمیر میں پیلٹ گنز کا استعمال ہوا ،بزرگوں اور خواتین پر ظلم کے پہاڑ توڑے گئے ،

برہان وانی جیسے آزادی کے مجاہدین کو شہید کیا گیا۔ کشمیر میں ہونے والے مظالم کے دوران اجتماعی قبروں کا انکشاف ہوا۔ کشمیریوں کی نسل کشی کی گئی ، جو اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق مجرمانہ عمل ہے ، اس تمام عمل سے مودی سرکار کا سیاہ چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب ہوا۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے احساسات کشمیریوں کے ساتھ ہیں۔ وہاں ہونے والے ظلم کی تکلیف پاکستان کے ہر شہری کو محسوس ہوتی ہے ، بیرون ملک مقیم پاکستانی ہمیشہ مسئلہ کشمیر اجاگر کرنے کے حوالے سے کردار ادا کرتے ہیں ، اوورسیز کی کاوشوں کو سراہا جانا چاہیئے ۔