پی ایس ایل، زمان کے ڈرامائی آخری اوور کی بدولت لاہورقلندر کے خلاف اسلام آباد یونائیٹڈ کی حیرت انگیز شکست

 
0
634

اسلام آباد 05 فروری 2022 (ٹی این ایس): کپتان شاداب خان کی چمکتی آلرائونڈ کارکرگی کے باوجود زمان خان نے بیسویں اوور میں شاندار بولنگ کراکر لاہورقلندر کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 8 رنز سے کامیابی دلوادی۔ کشمیر سے تعلق رکھنے والے نوجوان فاسٹ بالر زمان نے پاکستان کے دوبڑے ہٹرز آصف علی اور اعظم خان کے سامنے دبائو کے باوجود حوصلے اور ہمت کا مظاہرہ کرتے ہوئے حیرت انگیز کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔

یونائیٹڈ کو آخری اوور میں میچ جیتنے کے لئے12 رنز درکار تھے لیکن انہوں نے ڈرامائی انداز میں چار ڈاٹ گیندیں کر ڈالیں اور صرف تین رنز دئیے۔ زمان نے اپنے 4 اوورز میں 29 رنز دیکر ایک وکٹ حاصل کی لیکن اس کے باوجود میچ کے ہیرو ثابت ہوئے اور پلیئر آف دی میچ بن گئے۔ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں ہفتہ کو کھیلے گئے سیزن سیون کے بارہویں میچ میں شاداب نے پہلے اپنی لیگ اسپین بالنگ کا جادو جگایا اور 20 رنز دیکر 4 وکٹیں حاصل کیں جس کی بدولت اسلام آباد یونائیٹڈ نے لاہورقلندرز کو 174رنز تک محدود رکھا۔لیفٹ آرم فاسٹ بالر وقاص مقصود نے بھی 4 وکٹیں حاصل کرکے اچھا ساتھ دیا۔

شاداب نے اپنی شاندار بیٹنگ کا سلسلہ برقرار رکھتے ہوئے ایک بار پھر 32 گیندوں پر 52 رنز بنائے جس میں 5 چھکے اور 2 چوکے شامل تھے۔نیوزی لینڈ سے تعلق رکنے والے کولن مینرو نے 45 گیندوں پر 5 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 60 رنز کی قابل قدر اننگز کھیلی۔شاداب اور منرو کی 63 گیندوں پر 100رنز کی تیسری وکٹ کی پارٹنرشپ بنی۔ ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کپ کے ہیرو آصف علی 12 گیندوں پر ایک چھکے کی مدد سے 14 رنز بناکر زمان خان کا شکار بنے۔

اعظم خان 12 گیندوں پر 10 رنزبناکر ناٹ آئوٹ رہے جس میں ایک چوکا شامل تھا۔زمان نے اپنی بالنگ کے ذریعے دونوں سکس ہٹرز کا ناکارہ بناکر میچ کا نتیجہ اپنی ٹیم کے حق میں بدل دیا۔پاکستان ٹیم کے فاسٹ بالر حارث رئوف نے 32 رنز دیکر 2 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا جبکہ شاہین شاہ آفریدی اور راشد خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔اس سے پہلے قلندرز کے فخرزمان اور عبداللہ شفیق کے درمیان 73رنز کے پاور پلے کی بدولت لاہورقلندرز کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 174-9رنز بنانے میں کامیاب ہوئی تھی۔ عبداللہ نے تیزرفتاری سے کھیلتے ہوئے 24 گیندوں پر 44 رنز بنائے جس میں نصف درجن چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔

بائیں ہاتھ کے اوپنر فخرزمان نے 27 گیندوں پر 4 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 38 رنز بنائے۔ایک موقع پر اسکور بورڈ پر97 کا مجموعی اسکور لگا ہوا تھا جس میں صرف 14 رنز کا اضافہ ہوا اور قلندرز کے 5 بیٹسمین پویلین واپس لوٹ گئے تھے۔ انگلستان سے تعلق رکھنے والے ہیری بروک نے بھی عمدہ اننگز کھیلی اور 5 بائونڈریز کی وجہ 26 گیندوں پر 37 رنز اسکور کیا۔ آخری پانچ اوورز میں 54 رنز بنے جس کی بدولت لاہورقلندرز کی ٹیم ایک چیلنجنگ ٹوٹل کھڑا کرنے میں کامیاب ہوئی۔

اچھے اسکور کے باوجود اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے کپتان شاداب خان اور وقاص مقصود نے چار چار وکٹیں حاصل کیں۔ شاداب نے اپنی لیگ اسپین کے ذریعے محض 20 رنز دیکر 4 جبکہ لیفٹ آرم فاسٹ بالر وقاص مقصود نے بھی 35 رنز دیکر 4 وکٹیں حاصل کیں۔نوجوان آف اسپینر مبشراحمد نے گوکہ صرف ایک وکٹ حاصل کی لیکن انہوں نے کفایتی بالنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 19 رنز دئیے۔