وزیر اعظم عمران خان کے وژن کے مطابق پاکستان کے کھیلوں کے میدانوں کو آباد کر رہے ہیں،سرکاری سرپرستی کے بغیر کوئی بھی سپورٹس کامیاب نہیں ہوسکتی،عثمان ڈار

 
0
161

اسلام آباد 22 فروری 2022 (ٹی این ایس): وزیراعظم کے معاون خصوصی(نوجوان امور اینڈ کامیاب پروگرام) عثمان ڈار نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کے وژن کے مطابق پاکستان کے کھیلوں کے میدانوں کو آباد کر رہے ہیں،سرکاری سرپرستی کے بغیر کوئی بھی سپورٹس کامیاب نہیں ہوسکتی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز ریسلر انعام بٹ کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا ہے کہ 6 دسمبر کو وزیراعظم عمران خان نے کامیاب جوان سپورٹس ٹیلنٹ ہنٹ ڈرائیو کا آغاز کیا تھا ،بارہ کھیلیں رکھی گئی ہیں جن میں بارہ مردوں اور دس خواتین کی کھیلیں شامل ہیں۔ کامیاب جوان سپورٹس ٹیلنٹ ہنٹ ڈرائیو کا آغاز آئندہ ماہ مارچ سے ہونے جارہا ہے پہلے مرحلے میں ریسلنگ، ویٹ لیفٹنگ اور ہاکی میں شامل ہے ہاکی میں مرد اور خواتین کے مقابلے منعقد ہونگے۔

ریسلنگ کی سپورٹس ڈرائیو کا آغاز 12 مارچ سےگجرانوالہ میں کرینگے کیونکہ انعام بٹ کا تعلق بھی گوجرانوالہ سے ہے۔ا نہوں نے کہا کہ ہم وفاقی وزراء اسد عمر اور ڈاکٹر فہمیدہ مرزا کے بھی شکرگزار ہیں جو اس پروگرام کے لئے ہماری رہنمائی اورمدد کر رہے۔ اور ان ایونٹس میں ان کو شرکت کی دعوت بھی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ ریسلنگ میں انعام بٹ اور ویٹ لفٹنگ میں طلحہ طالب سپورٹس ایمبیسڈر بنیں گے اوران دونوں کھلاڑیوں نے بین الاقوامی سطح پر میڈلز حاصل کرکے ملک کا نام روشن کیا ہے اور ان دونوں کھلاڑیوں پر ہمیں فخر ہے۔ صوبوں کے علاوہ گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے مختلف شہروں میں بھی ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ نوجوان 28 فروری تک سپورٹس ڈرائیو میں رجسٹرڈ ہوسکتے ہیں اورپہلے مرحلہ میں ہاکی،ویٹ لفٹنگ اور ریسلنگ کی گیمز کی رجسٹریشن ہوگی،18 سے 25 سال کے نوجوان رجسٹریشن کروا سکتے ہیں۔ عثمان ڈار نے کہا کہ یو این کی رپورٹ کے مطابق 94 فیصد نوجوانوں کو سپورٹس کی سہولت میسر نہیں ہیں اورکامیاب جوان پروگرام کے ذریعے نوجوانوں کو سپورٹس سہولیات فراہم کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے نوجوانوں کو انگیج کرنے کے لئے اس سال 650 سے زائد سپورٹس ایونٹس منعقد کرینگے اور وزیراعظم عمران خان کا وژن پورا کر رہے ہیں۔

رمضان کے بعد فٹ بال، سکواش اور کرکٹ سمیت دیگر کھیلوں کی ڈرائیو شروع کرینگے۔ انہوں نے نوجوان کو یقین دلایا کہ سپورٹس ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام سیاسی بنیادوں پر نہیں ہے اور نوجوان سیاسی وابستگی سے بالاتر ہوکر ڈرائیو کا حصہ بنیں، انہوں نے کہا کہ ان پروگراموں سے کامن ویلتھ گیمز اور سائوتھ ایشین گیمز کی تیاری کے لئے مدد ملے گی۔

ایک سوال کے جواب انہوں نے کہاکہ سپورٹس کے سنٹرل فورم کی تشکیل کےلئے قانون سازی پر کام کررہے ہیں اور نیشنل یوتھ ڈیلولپمنٹ اتھارٹی کی تشکیل پر کام جاری ہے، انہوں نے کہا کہ سپورٹس اب صوبائی موضوع ہے مگر وزیراعظم نے خود سے سپورٹس بحالی کی ذمہ داری لی، انہوں نے کہا کہ اب نوجوانوں نے فیصلہ کرنا ہے کہ کامیاب جوان پروگرام میں ٹرانسپیرنسی ہے یا نہیں۔

انہوں نے کہا کہ گھروں کے لئے 150 ارب کے قرضے منظور ہوچکے ہیں،پاکستان کی تاریخ میں اتنی بڑی رقم نہیں دی گئی۔عثمان ڈار نے کہا کہ وزیراعظم کے پروگرام اگلے 5 سالوں میں پاکستان کو اوپر لے جائیں گے ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سپورٹس میں بھی اسکالرشپس لے کر آئیں گے جس کی حتمی منظوری وزیراعظم دیں گے۔ عثمان ڈار نے کہا کہ اگر کامیاب جوان پروگرام میں کہیں کرپشن نظر آئے میڈیا نشاندہی کرے میں خود ان کا احتساب کروں گا۔

ریسلر انعام بٹ نے کہاکہ یہ ڈرائیو نوجوانوں کےلئے بڑا موقعہ ہے اور وزیراعظم عمران خان اور معاون خصوصی عثمان ڈار کا شکر گزار ہوں کہ انہوں نے نوجوانوں کے لئے اس پروگرام کا آغاز کیا ہے انہوں نے کہا کہ ہمیں ساوتھ ایشین گیمز کو ٹارگٹ کرنا ہے اوردولت مشترکہ گیمز میں ہمارا ٹیلنٹ نظر آئے گا اور کھلاڑی میڈلز حاصل کریں گے،اس ڈرائیو سے پاکستان کا سپورٹس ٹیلنٹ دنیا کے سامنے آئے گا، انہوں نے کہا کہ ملک میں کھیلوں کا بہت ٹیلنٹ موجود ہے اور صوبائی اور قومی سطح پر ان کھیلوں کے زیادہ سے زیادہ مقابلے منعقد کروانے چاہئے۔