یونیسیف کی نوتعینات ایگزیکٹو ڈائریکٹر کا دورہ قومی ایمرجنسی آپریشنز سینٹر ، پولیو کے خاتمے کے لیے تعاون جاری رہے گا، کیتھرین رسل

 
0
162

اسلام آباد 22 فروری 2022 (ٹی این ایس): یونیسیف کی نوتعینات ایگزیکٹو ڈائریکٹر کیتھرین رسل نے قومی ایمرجنسی آپریشنز سینٹر اسلام آباد کا دورہ کیا ہے، انھوں نے پاکستان میں پولیو کے خاتمے کے لیے جاری کوششوں کو سراہا ہے، کوارڈینیٹر قومی ایمرجنسی آپریشنز سینٹر ڈاکٹر شہزاد بیگ نے ان کو پولیو پروگرام پر تفصیلی بریفنگ دی، انھوں نے اس موقع پر آپریشنز روم اور ہیلپ لائن 1166 کا دورہ بھی کیا۔

ایگزیکٹو ڈائریکٹر نے پولیو پروگرام کی کارکردگی پر اپنے اطمینان کا اظہار کیا اور پاکستان سے پولیو کے خاتمے کی کوششوں کی تعریف کی ہے۔ انھوں نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان نے پولیو کے خاتمے کے لیے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے ہمیں پولیو پروگرام میں شراکت داری پر فخر ہےاور حکومت کے ساتھ پولیو کے مکمل خاتمے تک کام جاری رکھیں گے تاکہ اس موذی بیماری سے اپنے مستقبل کو محفوظ رکھ سکیں۔

کوارڈینیٹر قومی ایمرجنسی آپریشنز سینٹر ڈاکٹر شہزاد بیگ نے نوتعینات ایگزیکٹو ڈائریکٹر کو پولیو پروگرام کو درپیش چیلنجز اور پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے آئندہ کی حکمت عملی پر تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ پولیو پروگرام کو وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی بھرپور حمایت حاصل ہے۔ پروگرام انسداد پولیو قطروں سے محروم رہ جانے والے بچوں تک ویکسین کی رسائی کے لیے ہرممکن کوشش کررہاہے، تاکہ بیماریوں سے بچاؤ کے لیے بچوں کی قوت مدافعت میں اضافے ہو اور بیماریوں سے محفوظ رہے۔

یونیسیف کی ڈائریکٹر نے اسلام آباد میں افغان مہاجر آبادی کا بھی دورہ کیا ہے، وہ اس موقع پر خواتین اور بچوں سے ملیں انھوں نے خصوصی طور پر سخت حالات میں بچوں کی ویکسی نیشن ممکن بنانے پر فرنٹ لائن ورکرز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔اس موقع پر یونیسیف کی سربراہ ایڈا گرما، ڈپٹی ایگزیکٹو ڈائریکٹر عمر عابدی اور یونیسیف کے لئے جنوبی ایشیاء کے علاقائی ڈائریکٹر جارج لارے ادجائی بھی شامل تھے۔