منی لانڈرنگ کیس: شہباز شریف اور حمزہ شہباز پر فرد جرم 10 مارچ تک موخر

 
0
207

اسلام آباد 28 فروری 2022 (ٹی این ایس): بیکنگ کورٹ نے شوگر ملز کے ذریعے منی لانڈرنگ کے کیس میں شہباز شریف اور حمزہ شہباز پر فرد جرم 10 مارچ تک موخر کر دی، عدالت نے لیگی رہنماوں کی عبوری ضمانت میں 10 مارچ تک توسیع کر دی۔
پیر کو شہباز شریف اور حمزہ شہباز سمیت دیگر کے خلاف شوگر ملز کے ذریعے منی لانڈرنگ کے کیس کی سماعت ہوئی۔ شہباز شریف اور حمزہ شہباز سمیت دیگر ملزمان نے عدالت کے روبرو پیش ہوکر حاضری مکمل کروائی۔ ملزمان کے وکلا نے استدعا کی کہ عدالت میں وکلا کی ہڑتال ہے، آج دلائل نہیں دے سکتے۔ حمزہ شہباز کی جانب سے سینٹر اعظم نذیر تارڑ نے وکالت نامہ جمع کروا دیا۔

ایف آئی اے پراسکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ ملزمان کو صاف کاپیاں فراہم کر دی ہیں، ملزمان بلاوجہ کیس التوا کا شکار کر رہے ہیں، قانون میں لکھا ہوا ہے کہ جب کاپیاں فراہم کر دی جائیں تو ملزمان پر فرد جرم عائد کی جائے۔ اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ حکومت کو اب لانگ مارچ اور دھرنے نظر آرہے ہیں، ذاتی انا کی وجہ سے ایف آئی اے نے دوبارہ یہ کیس تیار کیا۔ اس پر ایف آئی اے پراسکیوٹر نے کہا کہ یہ انا کا مسئلہ نہیں بلکہ قانون کہتا ہے کہ جلدی ٹرائل کیا جائے۔