آسٹریلیا ، شدید بارشوں کے باعث آنے والے سیلاب سے اموات کی تعداد 3 ہوگئی ، وارننگ جاری

 
0
322

کینبرا 28 فروری 2022 (ٹی این ایس): آسٹریلیا کے مشرقی ساحل پر شدید بارشوں کے باعث آنے والے سیلاب سے اموات کی تعداد 3 ہوگئی ہے جس کے بعد حکام کی جانب سے سخت وارننگ جاری کر دی گئی ہے۔

آسٹریلوی پولیس کو جمعہ کی صبح سڈنی کے شمال میں واقع وسطی ساحل پر ایک شخص کی گاڑی میں نعش ملی ہے جس کے بعد اموات کی تعداد 3 ہو گئی ہے۔کوئنز لینڈ بیورو آف میٹرولوجی (بی او ایم ) نے ریاست کے دارالحکومت برسبین کے شمال میں وارننگ جاری کرتے ہوئے کہا کہ انتہائی خطرناک، آہستہ چلنے والے طوفان اور تیز بارشیں خطرناک اور جان لیوا سیلاب کا باعث بن سکتی ہیں ۔

انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ بڑھتے ہوئے پانی سے دور رہیں اور کسی اونچی جگہ پر پناہ لیں ۔ بی او ایم نےآئندہ ہفتے تک 10 سے 30 ​​ملی میٹر کے درمیان بارش کی پیش گوئی کی ہے۔ یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے نیو سائوتھ ویلیز اور کوینزلینڈ میں روزانہ 100 سے 200 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ۔