راجہ فاروق حیدرکو انتہائی مخلص محب وطن کشمیری اور پاکستانی پایا،چودھری برجیس طاہر

 
0
481

اسلام آباد اگست 1(ٹی این ایس )وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمد برجیس طاہر نے کہا ہے کہ بطور وزیر امور کشمیرانہوں نے آزاد کشمیر کے وزیر اعظم راجہ فاروق حیدرکو انتہائی مخلص محب وطن کشمیری اور پاکستانی پایا۔انہوں نے کہاکہ راجہ فاروق حیدر جتنا پیار اور خلوص کشمیر سے رکھتے ہیں وہ اس سے کئی گنا زیادہ خلوص اور محبت پاکستان اور پاکستان کے عوام سے رکھتے ہیں۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ راجہ فاروق حیدر نے ہمیشہ اپنے اس موقف کی بھر پور ترجمانی ان الفاظ میں کی ہے کہ ایک معاشی و سیاسی لحاظ سے مضبوط پاکستان مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے انتہائی اہم ہے۔اور پاکستان سے اس قدر محبت اور خلوص رکھنے والے شخص کے بیان کو سیاق و سباق سے ہٹ کر اور تروڑ مروڑ کرمحض اپنے سیاسی عزائم کی تکمیل کے لئے کوئی اور رنگ دینانہ صرف اس محب وطن شخصیت کی حب الوطنی کی توہین ہے بلکہ پورے آزاد کشمیر کے عوام کی بھی توہین ہے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ ایک سال کے دوران راجہ فاروق حیدر نے آزاد کشمیرکے حکومتی امورسے کرپشن کے خاتمے شفافیت اور میرٹ کے اقدامات کے علاوہ وفاق اور پاکستان سے رشتے مضبوط کرنے کیلئے جو اقدام کیے ہیں،وہ ان کی محب الوطنی کا کھلا اورواضح ثبوت ہیں۔انہوں نے کہا کہ راجہ فاروق حیدر الحاق پاکستان کے نہ صرف حامی ہیں بلکہ پاکستان سے الحاق کے وہ صف اول کے سپاہی ہیں جن کی جدوجہد کا ہر کشمیری اور پاکستانی تہہ دل سے احترام کرتا ہے۔سابق وفاقی وزیر امور کشمیر نے عمران خان کی جانب سے وزیر اعظم آزاد کشمیر کے خلاف توہین آمیزاور نا زیبا زبان استعمال کرنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کی جانب سے اس نازیبا زبان کا استعمال ایک طرف ان کے اپنے منفی کردار کی کھلی عکاسی کرتا ہے اور دوسری جانب عمران خان نے اس نا قابل قبول زبان کا استعمال کر کے کشمیریوں کی بھی توہین کی ہے۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال آزاد کشمیر کے عوام نے عمران خان کی اس بد اخلاقی اور مشکوک کردار کی وجہ سے ان کو آزاد کشمیر کے انتخابات میں عبرت ناک شکست سے دو چار کیا اور عمران خان کی سیاسی جماعت ریاستی انتخابات میں ایک بھی نشست لینے میں ناکام رہے۔

انہوں نے کہا کہ اپنی اس عبرت ناک شکست کا غصہ کشمیریوں کے مینڈٹ یافتہ سیاسی قاہد کے خلاف اس قسم کی زبان استعمال کر کے کرنا قابل افسوس ہے۔انہوں نے کہا کہ جن مغربی روایات کوعمران خان اپنے دھرنوں اور نام نہاد اظہار تشکر کے جلسوں میں ک پروان چڑھا رہے ہیں ان کو کشمیری بھی اتنا ہی نا پسند جتنا پا کستان کے عوام کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کشمیری اپنی روایات اور تہذیب و تمدن سے بے حد لگاؤ رکھتے ہیں اور یہ ہی وجہ ہے کہ انہوں نے محمد نواز شریف کی جماعت مسلم لیگ ن کو گزشتہ ریاستی انتخابات میں لنبڈ مارک اور تاریخی فتح سے ہمکنار کیا۔انہوں نے کہا کہ راجہ فاروق حیدرمحمد نواز شریف کے وژن کی تکمیل کے لیے آزاد کشمیرکی تعمیر و ترقی کے ساتھ ساتھ مقبوضہ کشمیرکے عوام کی بھارتی تسلط کے خلاف جدوجہد کی تمام تر سیاسی ،اخلاقی و سفارتی حمایت اس وقت تک جاری رکھیں گے جب تک کشمیریوں کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے عین مطابق اپنا حق خود ارادیت نہیں مل جاتااور اس جدو جہد میں وہ پاکستانی حکومت اور عوام کو اپنے شانہ بشانہ پاہیں گے۔