ملک کی ترقی و خوشحالی کیلئے جدید تعلیم اور ہنرمندی کے فروغ کے ذریعے صوبہ بلوچستان کے نوجوانوں کی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کی ضرورت ہے، صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا سبی میلہ کی رنگا رنگ اختتامی تقریب سے خطاب

 
0
137

اسلام آباد 08 مارچ 2022 (ٹی این ایس): صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ملک کی ترقی و خوشحالی کیلئے جدید تعلیم اور ہنرمندی کے فروغ کے ذریعے صوبہ بلوچستان کے نوجوانوں کی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ بلوچستان کے باصلاحیت نوجوانوں کو مواقع فراہم کرنے کیلئے مختلف راستے کھولے جا رہے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو سبی میلہ کی رنگا رنگ اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ تیزی سے تبدیل ہوتی دنیا میں فاصلے سمٹ گئے ہیں اس لئے صوبہ بلوچستان کے ہر خاندان کے نوجوان کو ہنر کی تعلیم حاصل کرنی چاہئے، دنیا پاکستان کے نوجوانوں کی حقیقی صلاحیت سے استفادہ کیلئے گہری نظر رکھے ہوئے ہے۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے نوجوانوں کو کوئٹہ اور خضدار میں ہنر میں بہتری کی سہولیات سے استفادہ کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ وقت کی ضروریات کو مدنظر رکھنے والی قومیں ہمیشہ کامیاب رہتی ہیں، ہمارے ملک کو تیزی سے ترقی کرنے کی ضرورت ہے۔

معاشی استحکام کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان ترقی یافتہ ملک بننے کی راہ پر گامزن ہے اور صوبہ بلوچستان معدنیات،ماہی گیری اور ساحلی علاقہ کی دولت سے مالا مال ہے۔

انہوں نے صوبہ کی ترقی و خوشحالی کیلئے جدید ٹیکنالوجی کو زیادہ سے زیادہ بروئے کار لانے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ موجودہ حکومت ملک کے طول و ارض میں سہولیات کی فراہمی کیلئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے ۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ڈیجیٹل سکلز پروگرامز جلد صوبہ کے تمام علاقوں میں شروع کئے جائیں گے، کامیاب نوجوان اور کامیاب پاکستان پروگراموں کے ذریعے بینک بلاسود قرضہ فراہم کر رہے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں 700 نوجوانوں کو گوادر میں ہنر کی تربیت دی گئی ہے تاکہ انہیں ملازمت مل سکے، گذشتہ 2 برسوں کے دوران ملک کے بشمول دوردراز علاقوں کے 22 لاکھ نوجوانوں نے ہنر کی تربیت حاصل کی ہے۔ صوبہ میں دہشت گردی کے واقعات میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس کرتے ہوئے صدر مملکت نے مسلح افواج اور قوم کو ان کی بہادری اور عزم پر سراہا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف کامیابی حاصل کی ہے، ماضی میں قوم نے ہمیشہ یکجہتی کا مظاہرہ کیا اور ملک کو آگے لے جانے کی راہ اختیار کی۔

انہوں نے کہا کہ وہ ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن پاکستان کے خلاف سازشوں سے چوکس رہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم نے کئی دہائیاں افغان مہاجرین کی میزبانی کی جو ان کی عظمت کی عکاسی کرتی ہیں تاہم دوسری طرف انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ پناہ گزینوں کو کھلے سمندروں میں ڈوبنے کیلئے چھوڑ دیا گیا ہے۔

صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان نے اقوام متحدہ پر تنازعہ کشمیر حل کرنے پر زور دیا ہے۔ صدر مملکت نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان آزاد ملک ہونے کی حیثیت سے تمام ممالک کے ساتھ دوستانہ تعلقات کا خواہاں ہے، عالمی اصول مساوات پر مبنی ہونے چاہئیں، حضرت محمدﷺ ۖ نے یہ اصول بیان کئے کہ تمام لوگ بلانسل ذات کے برابر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ غربت کے خاتمہ اور صحت کی سہولیات کی فراہمی پر مزید توجہ فراہم کرنے کی ضرورت ہے، حکومت نے صحت کارڈ کا اجراء کرکے شاندار صحت کا نظام وضع کیا ہے۔

انہوں نے خواتین میں خوراک کی کمی کے مسائل سمیت ان کی صحت کے مسائل حل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ احساس پروگرام کے تحت حکومت بچیوں کو وظائف سمیت خوراک کے پیکیج اور مالی تعاون فراہم کر رہی ہے، لوک فنکار خواتین زندگی کے مختلف شعبوں میں شاندار کارکردگی کیلئے دستیاب مواقع سے فائدہ اٹھائیں۔ تقریب میں گورنر بلوچستان سیّد ظہور احمد آغا، صوبائی وزراء اور بڑی تعداد میں عوام نے شرکت کی۔