اپوزیشن رہنماوں کا جیل جانے کا وقت آگیا ہے ، وزیراعظم عمران خان عوام کے ووٹ سے منتخب ہوکر آئے ہیں،یہ ایک بار نہیں 10 بار عدم اعتماد لے آئیں ناکام ہوں گے ، وزیر مملکت فرخ حبیب

 
0
177

اسلام آباد 08 مارچ 2022 (ٹی این ایس): وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہاہے کہ اپوزیشن رہنماوں کا جیل جانے کا وقت آگیا ہے ، وزیراعظم عمران خان عوام کے ووٹ سے منتخب ہوکر آئے ہیں،وزیراعظم عمران خان کو ایک کروڑ70لاکھ لوگوں نے ووٹ دیا ہے، یہ ایک بار نہیں 10 بار عدم اعتماد لے آئیں ناکام ہوں گے ۔

منگل کو اپوزیشن کی پریس کانفرنس پر ردعمل میں وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا کہ چوروں کے ٹولے نے پریس کانفرنس کی ہے،یہ ملک کے مفاد میں نہیں اپنے مفاد کیلئے اکٹھے ہوئے ہیں،جب یہ بیرون ملک جائیدادیں بنا رہے تھے تو اس وقت ملکی مفاد کہاں تھا، جب ان کی اولادیں بیرو ن ملک کاروبار کر رہی تھیں تب ملکی مفاد کہاں تھا،جب آصف زرداری پاپڑ اور فالودے والے کے اکاونٹ سے منی لانڈرنگ کر رہا تھا تب ملکی مفاد کہاں تھا،جب شہباز شریف مقصود چپڑاسی کے اکاونٹ میں کرپشن کے پیسے جمع کرارہا تھا تب ملکی مفاد کہاں تھا۔

وزیر مملکت نے کہاکہ ان کو پہلے سینٹ میں ناکامی کا سامنا کرناپڑا، اب پارلیمنٹ میں بھی ناکام ہوں گے،چین کے آج بھی پاکستان کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں،چین پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے اور تعلقات پہلے سے زیادہ مضبوط ہیں،اپوزیشن کو آزاد خارجہ پالیسی کا علم ہی نہیں،ان کے دور میں نریندر مودی بغیر ویزوں کے 100 بندوں سمیت آتا تھا،جب کشمیر پر ظلم ہوتے ہیں تو اپوزیشن کی زبان کو چپ لگ جاتی ہے،

وزیراعظم عمرا ن خان نے کشمیریوں کا موقف عالمی سطح پر اجاگر کیا،عمرا ن خان نے مسئلہ کشمیر پر مغرب کا ضمیر جھنجوڑا ہے۔وزیر مملکت فرخ حبیب نے کہاکہ ہم اپوزیشن سمیت بیرونی طاقتوں کا مقابلہ کریں گے،اپوزیشن کی عدم اعتماد کی تحریک ناکام ہوگی،حکومت یہ مدت بھی پوری کرے گی اور آئندہ 5 سال بھی وزیراعظم عمران خان ہی ہوں گے