بڑی خبر سامنے آ گئی،وزیراعظم کیخلاف تحریک عدم اعتماد پیش، 31 مارچ کو بحث ہو گی

 
0
109

اسلام آباد 28 مارچ 2022 (ٹی این ایس): قومی اسمبلی کا اہم اجلاس جاری ہے جس میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے وزیراعظم عمران خان کیخلاف تحریک عدم اعتماد پیش کردی۔ آج تحریک عدم اعتماد پیش ہوگی پھر اجلاس دو دن کیلئے ملتوی ہوگا، اپوزیشن اور اسپیکر کا اتفاق اسمبلی اجلاس کے ایجنڈے میں وزیراعظم عمران خان کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک بھی شامل تھی جو ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری کی اجازت کے بعد ایوان میں پیش کردی گئی۔

اپوزیشن لیڈر شہبازشریف نے تحریک عدم اعتماد پیش کی جس کے بعد اس کے حامیوں اور مخالفین کی گنتی کی گئی، تحریک پیش کرنے پر ایوان میں اپوزیشن کے ارکان نے ڈیسک بجائے اور نعرے لگائے۔ قومی اسمبلی کا اجلاس ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری کی زیر صدارت شروع ہوا ہے۔ حکومتی اتحادیوں یا پی ٹی آئی منحرف ارکان میں سے کوئی اس وقت ایوان میں موجود نہیں۔ اپوزیشن اتحاد نے وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کی قرارداد جمع کرارکھی ہے اور اپوزیشن کا دعویٰ ہےکہ ان کے پاس مطلوبہ اراکین سے زیادہ تعداد ہے جس کے باعث عدم اعتماد کی کامیابی یقینی ہے۔ دوسری جانب حکومت کا بھی دعویٰ ہے کہ وہ عدم اعتماد کی تحریک میں اپوزیشن کو شکست دے کر سرخرو ہوگی۔

اسپیکر قومی اسمبلی اور اپوزیشن رہنماؤں کی ملاقات
وزیراعظم کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک کے معاملے پر اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے اپوزیشن جماعتوں کے نمائندوں کی ملاقات ہوئی ہے۔ ذرائع کے مطابق ملاقات میں قومی اسمبلی اجلاس کے قوانین سے متعلق مشاورت کی گئی جس میں اسپیکر نے آئین کے مطابق اجلاس چلانے کی یقین دہانی کی۔ ذرائع کے مطابق اسپیکر نے اپوزیشن نمائندوں سے مکالمہ کیا کہ آج عدم اعتماد کی تحریک پیش ہو گی۔ اپوزیشن نمائندوں اور اسپیکر قومی اسمبلی کی ملاقات میں اتفاق کیا گیا کہ آج عدم اعتماد کی تحریک کے بعد اجلاس 2 دنوں کیلئے ملتوی ہوجائےگا۔ دو روز وقفے کے بعد اجلاس میں عدم اعتماد پر بحث ہوگی۔ اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے یقین دہانی کرائی کہ وزیراعظم عمران خان کیخلاف تحریک عدم اعتماد پر ایک ہفتے کے اندر ووٹنگ ہوگی۔