وزیراعلی پنجاب کا استعفیٰ منظور نہ ہونے پر چوہدری پرویز الٰہی تشویش کا شکار

 
0
138

اسلام آباد 30 مارچ 2022 (ٹی این ایس): وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار کا استعفیٰ منظور نہ ہونے پر اسپیکر پنجاب اسمبلی تشویش کا شکار ہوگئے جبکہ گورنر چوہدری محمد سرور بھی وزیراعظم کے حکم کے منتظر ہیں۔ اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ چوہدری پرویز الہی وزیراعظم کی جانب سے عثمان بزدار کا استعفیٰ منظور نہ کیے جانے پر پریشان ہیں۔

ذرائع کے مطابق گورنر چوہدری سرور بھی استعفے کی منظوری سے متعلق وزیراعظم کے حکم کے منتظر ہیں جو کہ فی الحال عمران خان کے پاس ہی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پرویز الہی نے استعفے کی منظوری نہ ہونے کہ وجہ سے ابھی تک اسپیکر پنجاب اسمبلی کے عہدے سے استعفیٰ نہیں دیا ہے اور ساتھ ہی ق لیگ نے پریشانی بھی ظاہر کی ہے ۔

ذرائع کے مطابق گزشتہ روز وزیراعظم اور پرویز الہی کی ہونے والی ملاقات میں وزیراعلی کے استعفے کو جلد از جلد منظور کرنے پر زور دیا تھا جس پر عمران خان کا کہنا تھا کہ پہلے عدم اعتماد کا معاملہ ہوجائے تو عثمان بزدار کا استعفی بھی فوری منظور کرلیا جائے گا۔