پاکستان کی آسٹریلیا کے خلاف شاندار جیت، 349 کا ریکارڈ ہدف عبور

 
0
148

اسلام آباد 01 اپریل 2022 (ٹی این ایس): پاکستان نے کپتان بابراعظم اور امام الحق کی سنچریوں کی بدولت ریکارڈ 349 رنز کا ہدف حاصل کرتے ہوئے آسٹریلیا کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی اور سیریز بھی 1-1 سے برابر کردی قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے جارہے تین میچوں کی سیریز کے دوسرے ون ڈے میچ میں پاکستان کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر آسٹریلیا کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔آسٹریلیا نے جب بیٹنگ کا آغاز کیا تو پہلے اوور کی تیسری گیند پر کپتان ایرون فنچ کی وکٹ سے محروم ہوگئی جب شاہین شاہ آفریدی نے ان کو ایل بی ڈبلیو کردیا۔دوسری وکٹ کی شراکت میں گزشتہ میچ کے ہیرو ٹریوس ہیڈ اور بین میک ڈرمٹ کے درمیان 162 رنز کی شان دار شراکت ہوئی اور اس دوران دونوں بلے بازوں نے اپنی نصف سنچریاں مکمل کیں۔
زاہد محمود نے پاکستان کو دوسری کامیابی ٹریوس ہیڈ کو آؤٹ کرکے دلائی جبکہ وہ 70 گیندوں پر 6 چوکوں اور 5 چھکوں کی مدد سے 89 رنز بنا کر خطرناک ثابت ہو رہے تھے۔
میک ڈرمٹ کا ساتھ دینے مارنس لبوشین میدان میں آئے اور ان کا بھرپور ساتھ دیا۔آسٹریلیا کا اسکور 35 اوورز میں 237 رنز پر پہنچا تھا کہ 108 گیندوں پر 10 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے 104 رنز بنانے والے مک ڈرمٹ محمد وسیم کی گیند پر حارث رؤف کا کیچ دے گئے۔
مارنس لبوشین 59 رنز بنا کر خوشدل شاہ کی وکٹ بنے تاہم اس وقت آسٹریلیا کا اسکور 44 ویں اوور میں 272 تک پہنچ گیا تھا۔ الیکس کیری آؤٹ ہونے والے پانچویں بلے باز تھے، جن کی اننگز 5 رنز تک محدود رہی، انہیں محمد وسیم نے آؤٹ کیا۔شاہین شاہ آفریدی نے آسٹریلیا کے دیگر بلے بازوں کو کھل کر کھیلنے کی اجازت نہیں دی۔کیمرون گرین بھی 5 رنز بنا سکے اور 301 رنز پر شاہین شاہ آفریدی کی وکٹ بنے۔مارکوس اسٹوئنس ایک رن کے فرق سے اپنی نصف سنچری مکمل نہ کر پائے اور 33 گیندوں پر 5 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 49 رنز بنا کر شاہین شاہ کا نشانہ بنے۔آسٹریلیا کی جانب سے آخری آؤٹ ہونے والے بلے باز شان ایبٹ تھے جنہوں نے 16 گیندوں کا سامنا کیا اور 28 رنز بنا کر شاہین شاہ آفریدی کی چوتھی وکٹ بنے۔آسٹریلیا نے مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 348 رنز بنائے۔پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے سب سے زیادہ 4 وکٹیں حاصل کیں، محمد وسیم نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ہدف کے تعاقب میں تجربہ کار اوپنر فخر زمان اور امام الحق نے 118 رنز کا شان دار آغاز فراہم کیا۔فخر زمان 64 گیندوں پر 67 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، ان کی اننگز میں 7 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے۔دوسری وکٹ میں امام الحق اور کپتان بابراعظم نے 111 رنز کی شراکت قائم کرتے ہوئے اسکور 229 رنز تک پہنچایا۔امام الحق نے مسلسل دوسری سنچری بنائی اور 97 گیندوں میں 106 رنز کی بہترین اننگز کھیلی، جس میں 6 چوکے اور 3 چھکے شامل تھے۔کپتان بابراعظم نے جارحانہ انداز میں بیٹنگ کی اور پاکستان کو فتح کی امید دلاتے ہوئے 83 گیندوں پر 11 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 114 رنز بنا کر لبوشین کے ہاتھوں کیچ ہوگئے۔محمد رضوان 23 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تو پاکستان کا اسکور 317 رنز تھا۔خوشدل شاہ نے اہم وقت میں ذمہ دارانہ بیٹنگ کی اور افتخار احمد نے ان کا دوسرے اینڈ سے ساتھ نبھایا۔ونوں بلے بازوں نے مزید کسی نقصان کے ٹیم کو ریکارڈ فتح دلائی۔پاکستان نے 49 اوورز میں 4 وکٹوں پر 352 رنز بنا کر ملکی تاریخ میں سب سے بڑا ہدف حاصل کرنے کا ریکارڈ بھی بنایا۔خوشدل شاہ اور افتخار احمد نے آؤٹ ہوئے بغیر بالترتیب 27 اور 11 رنز بنائے۔آسٹریلیا کے ایڈم زیمپا نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔بابراعظم کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔قبل ازیں پاکستان نے میچ کے لیے ٹیم میں ایک تبدیلی کی ہے اور حسن علی کی جگہ شاہین شاہ آفریدی کو فائنل الیون کا حصہ بنایا تھا۔آسٹریلیا نے گزشتہ میچ کی فاتح الیون کو برقرار رکھا تھا۔واضح رہے کہ آسٹریلیا نے پاکستان کو پہلے ون ڈے میچ میں پاکستان کو 88 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کی تھی۔میچ کے لیے دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل تھیں۔پاکستان: بابر اعظم (کپتان)، فخر زمان، امام الحق، محمد رضوان، سعود شکیل، افتخار احمد، خوشدل شاہ، شاہین شاہ آفریدی، محمد وسیم جونیئر، حارث رؤف اور زاہد محمود۔آسٹریلیا: ایرون فنچ (کپتان)، ٹریوس ہیڈ، بین میک ڈرمٹ، مارنس لبوشین، مارکس اسٹوئنس، کیمرون گرین، ایلکس کیری، شان ایبٹ، نیتھن ایلس، ایڈم زامپا اور مچل سویپسن۔ آسٹریلیا نے پاکستان کو پہلے ون ڈے میچ میں 88 رنز سے شکست دی تھی، آسٹریلیا نے پاکستان کو پہلے ون ڈے میچ فتح کے لیے 314 رنز کا ہدف دیا تھا۔ پہلے ون ڈے میچ میں قومی ٹیم آسٹریلیا کی جانب سے دیے گئے 314 رنز کے تعاقب میں 45.1 اوورز میں 225 رنز پر ڈھیر ہوگئی، امام الحق 103 رنز بناکر بھی اپنی ٹیم کو میچ نہ جتواسکے۔ کپتان بابر اعظم 57 رنز کے ساتھ نمایاں رہےپاکستان کی جانب سے سعود شکیل 3، محمد رضوان 10 اور افتخار احمد 2 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، فخر زمان 18 رنز بنا کر ٹریوس ہیڈ کو کیچ دے بیٹھے خوشدل شاہ 19 اور حسن علی 2 رنز بناسکے، محمد وسیم بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔آسٹریلیا کی جانب سے لیگ اسپنر ایڈم زمپا نے چار کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، ٹریوس ہیڈ نے دو وکٹیں حاصل کیں، نیتھن ایلس، مچل سوئمپسن اور شان ایبٹ نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی ۔ٹریوس ہیڈ کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ سیریز کے پہلے ون ڈے میچ میں پاکستان کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر پہلے آسٹریلیا کو بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔اوپنرز ایرون فنچ اور ٹریوس ہیڈ نے ٹیم کو شاندار آغاز فراہم کیا اور 110 رنز کی شراکت قائم کی، جس کے بعد ایرون فنچ 23 رنز بنا کر وکٹوں کے پیچھے کیچ آؤٹ ہوگئے۔اس کے بعد بین میک ڈرموٹ نے ٹریوس ہیڈ کا ساتھ کیا اور مجموعی اسکور 171 رنز تک پہنچایا جس میں ٹریوس کی جارحانہ سنچری بھی شامل تھی۔ٹریوس کی اننگز کا خاتمہ 72 گیندوں پر تین چھکوں اور بارہ چوکوں کی مدد سے 101 رنز کی عمدہ اننگز کے بعد ہوا۔جب ٹیم کا اسکور 209 رنز پر پہنچا تو 55 رنز بنانے والے میک ڈرموٹ کی اننگز اختتام کو پہنچی اور وہ رن آؤٹ ہوکر پویلین لوٹے۔ٹریوس ہیڈ اور میک ڈرموٹ کے علاوہ آسٹریلیا کا کوئی بلے باز بڑی اننگز نہ کھیل سکا اور مارنس لبوشین 25، مارکس اسٹوئنس 26، ایلکس کیری 4 اور شان ایبٹ 14 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ ٹیم کے بڑے اسکور میں کیمرون گرین کے 40 رنز نے بھی اہم کردار ادا کیا اور وہ ناقابل شکست رہے۔آسٹریلیا نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 313 رنز بنائے۔پاکستان کی طرف سے حارث رؤف اور زاہد محمود نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ افتخار احمد اور خوشدل شاہ نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔انجری اور کووڈ مسائل سے دوچار آسٹریلین ٹیم نے میچ میں نیتھن ایلس اور مچل سویپسن کو ڈیبیو کرایا ہے۔
پاکستان کو میچ میں اسپنر شاداب خان کی خدمات حاصل نہیں ہیں اور ان کی جگہ زاہد محمود کے ساتھ ساتھ محمد وسیم جونیئر کو بھی ڈیبیو کرایا گیا ہے۔واضح رہے کہ اس سے قبل دونوں ٹیموں کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کھیلی گئی تھی جس میں آسٹریلیا نے 0-1 سے کامیابی حاصل کی تھی…..