اسلام آباد (ٹی این ایس) متنازع ٹویٹس کیس، ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ کی فوری حکم امتناع کی استدعا مسترد

 
0
27

اسلام آباد (ٹی این ایس)(آئی پی ایس )اسلام آباد ہائیکورٹ نے متنازع ٹویٹس کیس میں ایڈووکیٹ ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ کی فوری حکم امتناع کی استدعا مسترد کر دی۔
جسٹس اعظم خان نے محفوظ فیصلہ جاری کر دیا۔ عدالت نے درخواست پر اعتراضات دور کرکے این سی سی آئی اے کو نوٹس کر دیا۔عدالت نے کیس کو دو ہفتے بعد سماعت کے لیے مقرر کرنے کی ہدایت کر دی، ٹرائل کی کاروائی روکنے کی استدعا درخواست میں کی گئی تھی۔قبل ازیں، دوران سماعت وکیل ریاست علی آزاد نے موقف اختیار کیا تھا کہ ٹرائل شفاف طریقے سے نہیں چل رہا اور گواہوں کے بیانات ملزمان کی غیر موجودگی میں ریکارڈ کیے گئے، جو منصفانہ ٹرائل کے اصولوں کے خلاف ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹرائل کورٹ فئیر ٹرائل کا حق نہیں دے رہی۔
عدالت نے استفسار کیا کہ 24 نومبر کو کیا کارروائی ہوئی؟ جس پر ہادی علی چٹھہ نے بتایا کہ انہوں نے درخواست دی تھی کہ گواہوں کے بیانات ملزمان کی موجودگی میں ریکارڈ کیے جائیں لیکن درخواست مسترد کر دی گئی۔وکلا نے موقف اپنایا کہ ایک روزہ استثنا کی صورت میں ٹرائل آگے نہیں بڑھ سکتا، جبکہ مستقل استثنا میں پلیڈر کی حاضری کے ساتھ کارروائی جاری رہ سکتی ہے۔ اس پر جسٹس اعظم خان نے کہا کہ وکلا قانون سے بتائیں کہ ایک دن کی استثنا میں ٹرائل کیوں نہیں چل سکتا۔
درخواست گزار وکلا نے ٹرائل کورٹ کی کارروائی روکنے کی استدعا کی، جس پر عدالت نے کہا کہ معاملہ دیکھ لیا جائے گا اور اس حوالے سے آرڈر جاری کیا جائے گا۔عدالت نے کیس کی مزید سماعت ملتوی کر دی تھی۔