شیریں مزاری کی گرفتاری، چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ کا آج رات عدالت لگانے کا فیصلہ

 
0
154

اسلام آباد 21 مئی 2022 (ٹی این ایس): اسلام آباد: اسلام آباد ہائی کورٹ نے شیریں مزاری کی گرفتاری کے خلاف درخواست پر بڑا فیصلہ کرتے ہوئے سیکریٹری داخلہ، آئی جی پولیس اور ڈپٹی کمشنر کو آج رات ساڑھے 11 بجے طلب کرلیا۔

تحریک انصاف نے شیریں مزاری کی گرفتاری کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کرلیا۔ پی ٹی آئی کے وکلا فیصل فرید، علی بخاری اور دیگر اسلام آباد ہائی کورٹ پہنچے۔ دفتری اوقات ختم ہونے کے باوجود ہائی کورٹ کو کھول دیا گیا۔ ان کے ساتھ فواد چوہدری، ذلفی بخاری، فرخ حبیب اور دیگر رہنما بھی ہائی کورٹ پہنچے۔

شیریں مزاری کی گرفتاری کے خلاف پی ٹی آئی نے ان کی بیٹی ایمان مزاری کی جانب سے بطور پٹیشنر درخواست دائر کی جس میں موقف اختیار کیا گیا کہ ہمیں نہیں معلوم شیری مزاری اس وقت کہاں ہیں؟ اور انہیں کس جرم میں اٹھایا گیا کچھ معلوم نہیں، استدعا ہے کہ شیری مزاری کو عدالت کے سامنے پیش کرنے کا حکم دیا جائے۔

ڈاکٹر شیریں مزاری کی بازیابی کی درخواست چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ کو پیش کردی گئی اور انہیں گھر پر ہی اس فوری نوعیت کے مقدمے سے آگاہ کیا گیا۔ چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس اطہر من اللہ نے درخواست پر بڑا حکم جاری کرتے ہوئے آج رات ساڑھے گیارہ بجے عدالت لگانے کا فیصلہ کرتے ہوئے سیکرٹری داخلہ، آئی جی پولیس اور ڈپٹی کمشنر کو طلب کرلیا۔