اسلام آباد 25 مئی 2022 (ٹی این ایس): لاہور میں پولیس نے پی ٹی آئی رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد اور عندلیب عباس کو گرفتار کر لیا۔ پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے اسلام آباد لانگ مارچ کا قافلے مختلف رہنماؤں کی قیادت میں رواں دواں ہیں اور ان ہی میں سے ایک قافلے کی قیادت یاسمین راشد کر رہی تھیں۔
اس سے قبل بھی ڈاکٹر یاسمین راشد کی گاڑی پر پولیس کی جانب سے لاٹھی چارج کی تصاویر اور ویڈیو منظر عام پر آئی تھیں اور اس دوران پولیس کے لاٹھی چارج کے باعث ڈاکٹر یاسمین راشد کی گاڑی کی ونڈ اسکرین ٹوٹ گئی تھی۔
اس کے علاوہ پولیس نے راوی پل کے قریب پی ٹی آئی رہنما حماد اظہر کو بھی گرفتار کرنے کی کوشش کی تھی تاہم تحریک انصاف کے کارکنوں کی جانب سے شدید مزاحمت کی گئی اور پولیس کو حماد اظہر کو گرفتار کرنے نہیں دیا گیا۔