پی ٹی آئی مارچ:حکومتی اور اپوزیشن کمیٹیوں کے در میان پہلی ملاقات رات 10بجے ہو گی

 
0
604

اسلام آباد 25 مئی 2022 (ٹی این ایس): وفاقی حکومت نے سپریم کورٹ کے حکم پر پی ٹی آئی سے مذاکرات کے لیے چار رکنی کمیٹی تشکیل دے دی، دونوں کمیٹیوں کی پہلی بیٹھک رات 10 بجے ہوگی۔

اٹارنی جنرل نے بتایا کہ حکومتی اور تحریک انصاف کی مذاکراتی کمیٹی کی ملاقات رات دس بجے چیف کمشنر آفس میں ہوگی، حکومتی مذاکراتی ٹیم میں یوسف رضا گیلانی، ایاز صادق ، مولانا اسد محمود، فیصل سبزواری، آغا جان، خالد مگسی، اعظم نذیر تارڑ اور احسن اقبال شامل ہیں۔

اس سے قبل وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ سپریم کورٹ کے حکم پر وزیراعظم شہباز شریف پی ٹی آئی سے مذاکرات کیلیے 4 رکنی ٹیم تشکیل دے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا تھا کہ لانگ مارچ کا حصہ نہ بننے پر عوام کے شکر گزار ہیں، عوام نے فتنہ فساد مارچ کا حصہ بننے کی بجائے گھروں میں رہنے کو ترجیح دی، عمران خان کو کوئی شرم ہے تو مارچ کو واپس لے جانا چاہئے، عمران خان کے ساتھ جو آگے بڑھے وہ4سے5ہزار لوگ ہیں، 20 لاکھ کا ٹارگٹ تھا، اسکا 50 یا 25 فیصد ہی کر لیتے۔

رانا ثنا اللہ نے کہا تھا کہ ہم نے بھی عمران کے جھوٹ پر یقین کیا اور انتظامات کچھ زیادہ کر لئے، میٹرو بس بھی بند کردی،جس سے لوگوں کو مشکلات کا سامنا رہا، میں اپنی طرف اور حکومت کی طرف سے معذرت خواہ ہوں۔